Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ’چندریان تھری‘ ڈیزائن کرنے کا دعویٰ کرنے والا جعلی سائنسدان گرفتار

چندریان تھری کی کامیابی کے ساتھ چاند پر اترنے کے بعد اسرو کے چیف ایس سومانتھ نے کہا کہ ’انڈیا اب چاند پر ہے۔‘ (فوٹو: اے این آئی)
انڈین ریاست گجرات کے شہر سورت میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے جس پر الزام ہے کہ اس نے اپنا تعارف بحیثیت ’انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن‘ (آئی ایس آر او) کے سائنسدان کروایا اور میڈیا کو دیے گئے انٹرویوز میں دعویٰ کیا کہ مشن ’چندریان تھری‘ میں استعمال ہونے والی’چاند گاڑی اس نے ڈیزائن کی تھی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ایک پولیس افسر نے بتایا کہ مِتل تری ویدی کے خلاف شکایت موصول ہوئی کہ وہ ٹی وی پر بحیثیت ایک سائنسدان انٹرویو دیتے ہوئے دیکھے گئے ہیں اور ان انٹرویوز میں انہوں نے چاند گاڑی ’وِکرم‘ کو ڈیزائن کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق مِتل تری ویدی نے اپنا تعارف آئی ایس آر او کے اسسٹنٹ چیئرمین کے طور پر کروایا اور اپنے جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کے لیے ایک جعلی لیٹر کا استعمال بھی کیا۔
پولیس کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ ’تفصیلی تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ اس شخص کا چندریان تھری مشن سے کوئی تعلق نہیں اور انہوں نے آئی ایس آر او میں ملازمت کے حوالے سے بھی جھوٹے دعوے کیے۔‘
خیال رہے پچھلے ہفتے انڈیا کی جانب سے چاند کے لیے روانہ کیا جانے والا چندریان تھری مشن چاند کے جنوبی حصے پر کامیابی کے ساتھ اُترا تھا۔
چندریان 3 جس کا سنسکرت میں مطلب ’چاند گاڑی‘ ہے، نے 23 اگست کو انڈیا کے مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے کے بعد چاند کے قطب جنوبی کی سطح کو چھوا تھا۔
چندریاں مشن 14 جولائی کو انڈیا کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش سے روانہ ہوا تھا اور 40 دن کے طویل سفر کے بعد چاند کے جنوبی قطب پر اُترا تھا۔

شیئر: