Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ رہی نئی کار‘، بابر اعظم کے لیے مہنگی گاڑی آڈی کا تحفہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم جہاں گراؤنڈ میں بے مثال کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں وہیں گراؤںڈ سے باہر بھی خوب خوشیاں سمیٹ رہے ہیں۔
بابر اعظم کے بھائی فیصل اعظم نے یوٹیوب پر اپنا وی لاگ اپلوڈ کیا ہے جس میں انہوں نے بابر اعظم کو مہنگی آڈی کار تحفے میں دی ہے۔
فیصل اعظم اپنے وی لاگ میں بابر اعظم کو کار تحفے میں دیتے ہیں اور یہ انکشاف کرتے ہیں کہ انہوں نے اوڈی کار اس وجہ سے تحفے میں دی ہے کیونکہ آڈی کا یہاں پر سٹور ہے یعنی انہیں امپورٹڈ کار کے بجائے اِس کے سپیئر پارٹس یہاں سے لینے میں آسانی ہوگی۔
 
یوٹیوب وی لاگ میں بابر اعظم کو آڈی کار میں بیٹھا دیکھا جا سکتا ہے۔
سپرسٹار بیٹر کو تحفے میں ملنے والی کار ’آڈی ای ٹرون جی ٹی‘ ماڈل ہے۔
دوسری جانب بابر اعظم نے ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے سکواڈ کو جوائن کر لیا ہے۔
بدھ کے روز ایشیا کپ کا پہلا میچ پاکستان اور نیپال کے درمیان ملتان میں کھیلا جائے گا۔
بابر اعظم کو فیملی کی جانب سے تحفے میں دی جانے والی نئی کار کے وی لاگ پر یوٹیوب صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
عریبہ عامر نے یوٹیوب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’کبھی کبھار مجھے سمجھ نہیں آتی کہ میں بابر اعظم کے لیے اللہ کا کیسے شکریہ ادا کروں۔‘
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’جو چیز بابر کو مقبول کرتی ہے وہ اُن کی عاجزی اور انکساری ہے۔‘
حنین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بال بوائے سے لے کر اِس تحفے تک، میں بابر اعظم کے لیے بہت خوش ہوں۔ وہ بہت عاجز انسان ہیں۔ سادہ آدمی ہیں۔‘

شیئر: