مصری استاد نے طالب علم کو قیمتی کار کا تحفہ کیوں دیا؟
استاد نے طے کیا تھا کہ ابتدائی پوزیش والے طلبا کو انعام دیں گے۔ (فوٹو سبق)
مصری استاد نے ثانوی سکول میں پہلی پوزیشن لانے پر طالب علم کو دس لاکھ پاؤنڈ مالیت کی پر آسائش کار کا تحفہ دیا ہے۔
مصری جریدے الوطن کے مطابق شمالی مصر کی کفر الشیخ کمشنری میں جیالوجی کے استاد کی جانب سے ثانوی سکول سائنس میں اول آنے والے محمود محمد عبدالفتاح کو تحفہ دیے جانے پر پورے ملک میں خوشی کا سماں ہے۔
مصری استاد نے کہا کہ ’گزشتہ ہفتے طے کیا تھا کہ ثانوی سکول میں جو طلبہ اول پوزیشنیں لائیں گے انہیں وہ شاندار انعام دیں گے۔ تین طلبہ پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن سے کامیاب ہوئے ہیں اور اتفاق سے تینوں میرے سٹوڈنٹ ہیں۔ اول آنے والے محمود محمد عبدالفتاح کو گاڑی کا تحفہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن لانے والوں کو بھی تحائف دیے جائیں گے۔‘
محمود عبدالفتاح کا تعارف
محمود عبدالفتاح اسیوط کمشنری کی البداری تحصیل کے الکوم الاحمر قریے میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 410 میں سے 403 نمبر حاصل کیے۔ وزیر تعلیم و تربیت نے محمود عبدالفتاح کو شاندار کامیابی کی خوشخبری سنائی۔
انہوں نے کامیابی کا راز بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ تیاری کے لیے کوئی خاص وقت متعین نہیں کیے ہوئے تھے البتہ کامیابی کے لیے محنت کرتے رہے۔
محمود عبدالفتاح نے کہا کہ امتحانی پرچے میں بعض سوالات منفرد صلاحیت رکھنے والے طلبہ کے معیار کے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ایم بی بی ایس میں ایڈمیشن لیں گے اور دل کے امراض کے علاج میں مہارت حاصل کرنا چاہیں گے۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں