الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا کہ اس نے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد حلقہ بندیوں کا دورانہ مزید کم کر دیا ہے۔
جمعے کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی حلقہ بندی کی حتمی اشاعت 30 نومبر 2023 کو ہو گی۔
مزید پڑھیں
-
صدر نے الیکشن کمیشن کے خط پر وزارتِ قانون سے رائے مانگ لیNode ID: 790241
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ’حلقہ بندی کے دورانیے کو کم کرنے کا مقصد جتنا جلدی ممکن ہو سکے، الیکشن کا انعقاد ہے۔‘
الیکشن کمیشن کا یہ اعلان ایسے حالات میں آیا ہے جب نئی مردم شماری کے نتیجے میں ہونے والی حلقہ بندیوں کے عمل کی وجہ سے سیاسی حلقوں میں عام انتخابات کی تاریخ میں تاخیر کے خدشات پائے جاتے ہیں۔
بیشتر سیاسی جماعتوں کے بیانات سے تو یہی لگتا تھا کہ آئین میں درج دورانیے کے مطابق عام انتخابات چاہتے ہیں لیکن الیکشن وقت پر ہو سکیں گے، اس بارے میں ابھی تک غیریقینی قائم ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ نمایاں سیاسی جماعتیں وقت پر الیکشن کرانے کے بیانات سے ’عوام میں سپیس‘ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
سینیئر تجزیہ کار سلمان غنی نے اُردو نیوز کے رابطہ کرنے پر کہا کہ ’یہ بھی مثبت اشارہ ہے کہ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لینے کی زحمت گوارا کی۔‘
