Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’روہت شرما گھبرا گئے، شاہین کو کھیلنے میں ناکام رہے‘

شعیب اختر نے کہا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ روہت شرما شاہین آفریدی کی گیند کو سمجھ سکے۔‘ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے انڈیا کے کپتان روہت شرما کے شاہین آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہونے پر تبصرہ کیا ہے کہ ’وہ کچھ بہتر کھیل پیش کر سکتے تھے۔‘
سنیچر کو سری لنکا کے پالیکیلے میں کھیلے گئے میچ کا نتیجہ تو بارش کے باعث نہ نکل سکا مگر پاکستان اور انڈیا میں کرکٹ کے شائقین اور تجزیہ کار اس پر تبصرے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پاکستان کے فاسٹ بولرز کی جانب سے میچ کے ابتدائی اوورز میں چار انڈین بیٹرز کو پویلین بھیجنا اس وقت تبصروں کا محور و مرکز ہے جس کے بعد ایشان کشن اور ہردک پانڈیا نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو سہارا دے کر سکور بورڈ پر مناسب ہندسے سجائے۔
انڈیا کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 266 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ ایک موقع پر انڈیا کے صرف 66 رنز پر چار بڑے بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔
انڈیا کے تمام بیٹرز کو پاکستان کے فاسٹ بولرز نے آؤٹ کیا۔ شاہین آفریدی نے چار جبکہ نسیم شاہ اور حارث رؤف نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
اپنے یوٹیوب چینل پر پاکستان بمقابلہ انڈیا میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ’شاہین آفریدی نے کیا سپیل کرایا، کیا بولر ہے۔ سب جانتے ہیں کہ وہ کیا کرے گا۔ گیند کو فُل پچ کر کے بلے باز کی طرف اندر لانا، مگر پھر بھی روہت شرما کے پاس ان گیندوں کا جواب نہیں تھا۔‘
شعیب اختر نے کہا کہ ’لیکن روہت شرما کو کیا کرنا چاہیے تھا، وہ گزشتہ برس 2022 میں بھی شاہین آفریدی کا سامنا کر چکے ہیں۔ مگر کم میچز کی وجہ سے اُن کو پاکستان کے خلاف کھیلنے کا زیادہ موقع نہیں ملتا۔‘
سنیچر کے میچ میں انڈین کپتان نے ابتدا میں جارحانہ انداز اختیار کیا کیونکہ اُن کے ساتھی اوپنر شبمن گل کو شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کا سامنا کرتے ہوئے مشکل پیش آ رہی تھی۔

شعیب اختر نے پاک انڈیا کرکٹ میچ پر تبصرہ اپنے یوٹیوب چینل پر کیا۔ فائل فوٹو: سکرین گریب

آفریدی نے میچ کے پانچویں اوور میں روہت شرما کو کلین بولڈ کیا۔ یہ دوسرا موقع تھا کہ وہ شاہین آفریدی کی اندر آتی ہوئی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل سنہ 2021 میں وہ اسی طرح کی ایک گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تھے۔
شعیب اختر نے انڈین کپتان کے بارے میں کہا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ روہت شرما شاہین آفریدی کی گیند کو سمجھ سکے، وہ مکمل طور پر سمجھنے میں ناکام رہے۔ روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے اس طرح کے مناظر کچھ اچھے نہیں، وہ اس سے بہت اچھے کھلاڑی ہیں۔ روہت اس سے بہت بہتر بیٹنگ کر سکتے تھے لیکن میرا خیال ہے کہ وہ کچھ زیادہ گھبرا گئے تھے۔‘

شیئر: