Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ: پاکستان اور انڈیا کا میچ بے نتیجہ ختم، بارش جیت گئی

شاہین آفریدی نے روہت شرما اور وراٹ کوہلی کو کلین بولڈ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
سری لنکا کے پالیکیلے کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایشیا کپ کا میچ بارش کی نذر ہوگیا، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
سنیچر کو پالیکیلے میں انڈین کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا تاہم شدید بارش کے باعث پاکستان کی بیٹنگ شروع ہی نہ ہوسکی۔
بارش شروع ہونے کے بعد سٹاف نے وکٹ اور گراؤنڈ کو کور سے ڈھک دیا، تاہم ڈیڑھ گھنٹے تک بارش کا سلسلہ تھم نہ سکا۔
امپائرز نے پچ اور گراؤنڈ کا معائنہ کرنے کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دینے کا اعلان کیا۔
میچ ڈرا ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کے تین پوائنٹس ہو گئے ہیں جبکہ اس نے دو میچز کھیلے ہیں جبکہ انڈیا کا ایک میچ کھیل کر ایک پوائنٹ ہے۔
اس سے قبل انڈیا کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ان کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 266 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
کپتان روہت شرما نے شبمن گِل کے ساتھ انڈیا کی جانب سے بلے بازی کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے پاکستان کی طرف سے ابتدائی اوورز کرائے۔ ابتدا میں ہی بارش کے باعث دو بار میچ کو روکنا پڑا۔
انڈیا کی بیٹنگ کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ رہا اور 66 کے مجموعی سکور پر اس کے چار کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کے شاہین آفریدی نے پہلی دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ انڈیا کے اگلے دو کھلاڑی حارث رؤف کا نشانہ بنے۔
روہت شرما 11 بنا کر شاہین کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ شبمن گِل 10 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

انڈیا کی جانب سے ہاردِک پانڈیا نے 87 جبکہ ایشان کشن 82 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

وراٹ کوہلی چار رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے جبکہ شیریاس آئر 14 رنز بنا سکے۔ ان کی وکٹ حارث رؤف نے حاصل کی۔
اس کے بعد ہاردِک پانڈیا اور ایشان کشن کے درمیان طویل شراکت داری ہوئی جس کے دوران 138 رنز بنے۔ انڈیا کی پانچویں وکٹ 204 کے مجموعی سکور پر گری۔
ایشان کشن 82 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 81 گیندوں کا سامنا کیا۔
انڈیا کو چھٹا نقصان 239 کے مجموعی سکور پر ہوا جب ہاردِک پانڈیا 87 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے شاہین آفریدی کی گیند پر امام الحق کو کیچ تھمایا۔
اس کے بعد روندرا جدیجہ آؤٹ ہوئے جنہوں نے 14 رنز سکور کیے۔ وہ شاہین آفریدی کا شکار بنے۔ آٹھویں وکٹ شردل ٹھاکر کی گری جب وہ نسیم شاہ کی گیند پر پویلین لوٹے۔ اس وقت انڈیا کا مجموعی سکور 242 تھا۔
انڈیا کی نویں وکٹ 262 جبکہ آخری وکٹ 266 رنز پر گری۔

پالیکیلے میں شدید بارش کے باعث انڈیا کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ شروع ہی نہ ہوسکی (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے چار جبکہ نسیم شاہ اور حارث رؤف نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
اگر پاکستان اور انڈیا کے درمیان ون ڈے مقابلوں کی تاریخ کی بات کی جائے تو دونوں ٹیمیں 132 مرتبہ اس فارمیٹ میں آمنے سامنے آئیں جس میں 73 مرتبہ پاکستان جبکہ 55 مرتبہ انڈیا نے فتح حاصل کی۔
روایتی حریف ایشیا کپ میں 13 مرتبہ آمنے سامنے آچکے ہیں جس میں سات مرتبہ انڈیا اور پانچ مرتبہ پاکستان نے جیت حاصل کی۔
اگر پاکستان اور انڈیا کے درمیان گذشتہ 10 ون ڈے میچوں کی بات کی جائے تو اُس میں سات مرتبہ انڈیا اور تین مرتبہ پاکستان کامیاب ہوا ہے۔
اس سے قبل 2022 میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان دو میچ ہوئے تھے جن میں ایک میں پاکستان جبکہ ایک میں انڈیا جیتا تھا، تاہم وہ ایشیا کپ ٹی20 فارمیٹ پر مبنی تھا۔

شیئر: