Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اس میچ میں بارش نے انڈیا کو بچا لیا لیکن احمد آباد میں کھیل ہم ہی ختم کریں گے‘

پاکستان اور انڈیا کا یہ مقابلہ گراؤنڈ سے نکل کر سوشل میڈیا پر تبصروں کے مقابلے میں تبدیل ہوگیا (فوٹو: بی سی سی آئی)
پاکستان اور انڈیا کے کرکٹ میچ کا دنیا بھر میں موجود شائقین کا انتظار سنیچر کو ختم ہوا تو دونوں ممالک کے مختلف شہروں میں بڑی سکرینز لگیں تو کہیں گھروں میں اکٹھے ہو کر دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔
 پُرجوش شائقین نے ٹیموں کو اپنے اپنے انداز میں سپورٹ کرنا شروع کیا لیکن اس ہائی وولٹیج میچ میں نہ تو انڈیا جیت سکا نہ پاکستان، بلکہ یہ انتہائی اہم میچ  بارش کی نذر ہو گیا۔
سنیچر کو پالیکیلے میں انڈین ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا، تاہم شدید بارش کے باعث پاکستان کی بیٹنگ شروع ہی نہ ہوسکی۔
بارش کے باعث کرکٹ میچ کو انجوائے کرتے شائقین کا مزہ کِرکِرا ہو گیا۔ اس کے بعد کرکٹ کے میدان میں ہونے والا یہ مقابلہ دونوں ٹیموں کے مداحوں کے درمیان سوشل میڈیا پر تبصروں کے مقابلے میں تبدیل ہوگیا۔
ٹوئٹر یوزر میاں عمر نے شاہین شاہ آفریدی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بارش نے انڈیا کو تاریخی شکست سے بچا لیا۔
بارش شروع ہو گئی میچ رُک گیا، بارش رُک گئی میچ شروع ہو گیا، یہ وہ فقرے تھے جو پاکستان اور انڈیا کے شائقین کے منہ پر رہے۔
کرکٹ فین ماریہ وسیم نے بارش کے باعث میچ بے نتیجہ ختم ہونے پر لکھا کہ ’یہ بہت مایوس کن تھا۔
ٹوئٹر ہینڈل کاظم پر لکھا گیا کہ ’سٹیو وا نے کہا کہ میرے خیال میں انڈیا نے میچ کھیلنے کے لیے سری لنکا کا انتخاب کیا، جہاں انہیں بارش پاکستان سے بچا لے۔‘
پاکستان کے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے لکھا کہ ’بارش نے انڈیا کو اس میچ میں بچا لیا لیکن پریشان نہ ہوں احمد آباد میں کھیل ہم ہی ختم کریں گے۔‘
یاد رہے کہ سنیچر کو ایشیا کپ کے میچ میں انڈیا کے کپتان روہت شرما نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انڈین ٹیم 49 ویں اوور میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

شیئر: