Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے خلاباز سلطان النیادی گھر واپسی کے سفر پر روانہ

سلطان النیادی ایک طویل مدتی خلائی مشن پر تعینات پہلے عرب خلاباز  ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر 184 دن گذارنے کے بعد متحدہ عرب امارات کے سلطان النیادی کے ساتھ کریو-6 مشن نے خلائی سٹیشن سے واپسی کے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ناسا کے خلائی سٹیشن سے اتوار کو سہ پہر 3.05بجے نکلنے کی تصدیق ہو گئی ہے اور ناسا نے سپیس ایکس ڈریگون کی واپسی کو ناسا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے پوسٹ کیا ہے۔
ناسا کے خلاباز اسٹیفن بوون اور ووڈی ہوبرگ،رکوسموس آندرے فیڈیایف اور امارات کے خلاباز سلطان النیادی اس عملے کا حصہ ہیں جو 2 مارچ کو فلوریڈا کے کینیڈی سپیس سینٹر سے خلائی سٹیشن کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
خلائی  سٹیشن چھوڑنے  کے بعد  سپیس ایکس ڈریگن مدار کو کم کرنے کے متعدد مشقیں کرے گا اور تقریباً 17 گھنٹے بعد 4 ستمبر بروز پیر صبح 12.17 منٹ پر فلوریڈا کے ساحل کے قریب زمین کے مدار میں دوبارہ داخل ہو گا۔
قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے محمد بن راشد خلائی مرکز نے ہفتے کی صبح اعلان کیا تھا کہ فلوریڈا میں ناموافق موسمی حالات کی وجہ سے سلطان النیادی کی بین الاقوامی خلائی مرکز سے طے شدہ واپسی کے پروگرام  میں تاخیر ہے۔

خلاباز کو واپسی پر طبی جانچ اور مختلف تشخیص سے گزرنا پڑے گا۔ فوٹو عرب نیوز

ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ناسا اور سپیس ایکس کے مطابق آئندہ دستیاب انڈاکنگ واپسی کی تاریخ 3 ستمبر تک موخر کر دی گئی ہے۔
سلطان النیادی ایک طویل مدتی خلائی مشن پر تعینات پہلے عرب خلاباز  ہیں جنہوں نے خلا میں چہل قدمی کی ہے اور بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر چھ ماہ گزارنے کے بعد گھر واپسی کے سفرکا آغاز کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اماراتی خلاباز سلطان النیادی کو زمین پر اترنے کے بعد متحدہ عرب امارات واپسی سے قبل کئی دنوں تک امریکہ میں ہی طبی جانچ اور مختلف تشخیص سے گزرنا پڑے گا۔

شیئر: