Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں یتیموں کی سپورٹ اور انہیں با اختیار بنانے کے لیے مشترکہ منصوبے

سعودی تنظیموں کے وفود نے یمنی گورنر سے ملاقات کی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
یمن کے حضرموت گورنریٹ کے گورنر مبخوت مبارک بن ماضی نے ریاض میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات اور چیریٹی سوسائٹی فار آرفن کیئر(انسان) کی نمائندگی کرنے والے وفود سے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ملاقات میں حضر موت گورنریٹ میں یتیموں کی سپورٹ اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ منصوبوں کے نفاذ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ سلمان مرکز  برائے امداد اور انسانی خدمات نے گزشتہ جنوری میں’ انسان‘ کو سعودی عرب سے باہر ہیومینیٹرین اور امدادی سرگرمیوں میں کام کرنے کا لائسنس جاری کیا تھا۔
خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدوی نے انسانی اور امدادی کارروائیوں اور یمن میں شاہ سلمان مرکز  برائے امداد اور انسانی خدمات کے زیر انتظام ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کرنے کے لیے عدن جنرل ہسپتال کا دورہ کیا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات کی ٹیم نے ہسپتال کی نمائش میں یمن میں نافذ کیے جانے والے امدادی اور ترقیاتی منصوبوں کی نوعیت کے بارے میں ایک پریزنٹیشن پیش کی جس میں مجموعی طور پر 828 پروجیکٹس تھے۔
شاہ سلمان مرکز  برائے امداد اور انسانی خدمات نے یمن کے المحرہ گورنریٹ میں ایک لاکھ 20 ہزار ٹن فوڈ پارسل تقسیم کیے جس سے سات ہزار 903 افراد مستفید ہوئے۔

خوراک کی امداد انتہائی کمزور گروہوں تک پہنچنے کی کوششوں کا حصہ ہے (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی عرب کی جانب سے خوراک کی امداد انتہائی کمزور گروہوں تک پہنچنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 92  ممالک میں مختلف قسم کے  دو ہزار 402  امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 176 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر 6.2 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ شام میں 372 ملین ڈالر، فلسطین میں 370 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 256  ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔

شیئر: