Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈان میں کینسر کے مریضوں کےلیے دس لاکھ ڈالر کے معاہدے پر دستخط

شاہ سلمان مرکز  اور کویت ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے معاہدے پر دستخط کیے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات اور کویت ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے مل کر سوڈان میں کینسر کے مریضوں کے لیے ادویات اور حفظان صحت کی کٹس کے لیے 10 لاکھ ڈالر فراہم کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق دونوں اداروں نے ریاض میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات کے ہیڈ کوارٹرزمیں تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے۔
معاہدے پر شاہ سلمان مرکز  برائے امداد اور انسانی خدمات کے فنانشنل اور انتظامی امور کے معاون جنرل سپروائزر ڈاکٹر صلاح بن فہد المزروع اور کویت ہلال احمر سوسائٹی کے سیکریٹری جنرل مھا برجس حمود البرجس نے دستخط کیے۔
دستخط کی تقریب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد اورانسانی خدمات کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ، شیخ صباح ناصر صباح الاحمد الصباح، سعودی عرب میں کویتی سفیر اور سعودی ریڈ کریسنٹ اتھارٹی کے صدر ڈاکٹر جلال بن محمد العویسی نے شرکت کی۔
حفظان صحت کی کٹس سعودی عرب سے سوڈان بھیجی جائیں گی۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات اور برٹش فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلمپنٹ آفس نے حالیہ دنوں سوڈان کی مدد کے لیے 9.16 ملین ڈالر کے مشترکہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
دونوں ادارے سوڈان میں انسانی بحران پر علاقائی ہنگامی ردعمل کی حمایت کے لیے ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کو 4.58 ملین ڈالر کا فنڈ فراہم کریں گے۔
فنڈنگ کا مقصد صحت، فوڈ سکیورٹی اور سوڈان میں متاثرہ افراد کی فوری انسانی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات نے حالیہ دنوں یمن کے عدن گورنریٹ میں ہنگامی تعلیم میں سماجی کارکنوں کو ملازمت دینے کے لیے ایک تربیتی کورس شروع کیا ہے۔
اس کورس میں ایمرجنسی رسپانس پروجیکٹ میں 20 سکول شامل ہیں جو محفوظ اورجامع تعلیمی ماحول تک رسائی کو یقینی بناتے ہیں۔
یمن  کے لحج، أبين، الضالع اور تعز کے گورنریٹس کے شرکا منصوبے کے حصے کے طور پر پانچ روزہ علم اور ہنر کی تربیت حاصل کریں گے۔ انہیں ہنگامی حالات اور مختلف بحرانوں کے دوران طلبا اور اساتذہ کو نفسیاتی مدد فراہم کرنے کی تعلیم دی جائے گی۔
تربیت کا مقصد ذہنی صحت کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور طلبا کے نفسیاتی اور سماجی مسائل کی شناخت اور ان کے حل میں مدد فراہم کرنا ہے۔
یمن میں تربیت اور قابلیت کے شعبے کے لیے وزارت تعلیم کے انڈر سیکریٹری ڈاکٹر زید قحطان نے اپنے ملک میں تعلیمی شعبے کو مضبوط بنانے میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات کے کردار اور بامقصد کوششوں کی تعریف کی جس میں سکولوں کی تعمیر اور تربیتی پروگراموں کا انعقاد، تعلیم کو ایک ضروری شعبے کے طور پر تسلیم کرنا شامل ہے۔
یہ منصوبہ یمن میں انسانی ہمدردی کے ردعمل کے منصوبے کی حمایت کے لیے سعودی عرب کی گرانٹ کا حصہ ہے جس کے تحت 28 کلاس رومز کو بڑھایا جائے گا اور 10 سکولوں کے ساتھ سیوریج کی سہولیات کی بحالی کی جائے گی۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 92  ممالک میں مختلف قسم کے  دو ہزار 402  امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 176 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر 6.2 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ شام میں 372 ملین ڈالر، فلسطین میں 370 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 256  ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے پروگراموں میں فوڈ سکیورٹی، صحت، صفائی، پناہ گاہ، غذائیت، تعلیم اور ٹیلی کمیونیکیشن شامل ہیں۔

شیئر: