انٹرپول اور نزاھۃ کے درمیان بدعنوانی اور سرحد پار جرائم سے نمنٹے کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال
انٹرپول اور نزاھۃ کے درمیان بدعنوانی اور سرحد پار جرائم سے نمنٹے کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال
جمعہ 8 ستمبر 2023 18:58
نزاھۃ کے سربراہ انٹرپول کے سیکریٹری جنرل کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
کنٹرول اینڈ اینٹی کرپشن کمیشن (نزاھۃ) کے سربراہ مازن الکھموس نے جمعہ کو فرانسیسی شہر لیون میں انٹرپول کے دفتر کا دورہ کیا۔ انٹرپول کے سیکریٹری جنرل اور آرگنائزیشن کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات کی۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور نزاھۃ اور انٹرپول کے درمیان بدعنوانی اور سرحد پار جرائم کے سدباب کے سلسلے میں تعاون کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علاقائی و بین الاقو امی معاہدوں اور پروٹوکولز کے دائرے میں متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے طریقوں کو بہتر بنانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
فریقین نے بدعنوانی کے جرائم کے انسداد سے سر ابھارنے والے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا خصوصا بدعنوانی کے کیسز سے تعلق رکھنے والے اثاثوں کی بازیابی کے امور، کرپشن کیسز میں ملوث ملزمان کے تعاقب اور ان کی واپسی میں تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔
علاوہ ازیں ملزمان کو عدالت کے کٹہرے میں لانے کے حوالے سے کارروائی پر بھی بات چیت کی گئی۔
یاد رہے نزاھۃ کے سربراہ انٹرپول کے سیکریٹری جنرل کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔
انٹرپول کے سیکریٹری جنرل نے نزاھۃ کے سربراہ کو بدعنوانی کے جرائم کے انسداد، غیر قانونی دولت کی گردش اور بازیابی کے حوالے سے انٹرپول کے اقدامات کے سلسلے میں نزاھۃ کے سربراہ کو ہیڈکوارٹر کے دورے کی دعوت دی تھی۔