انڈیا، مشرق وسطٰی اور یورپ کے درمیان اقتصادی راہداری، مفاہمتی یادداشت پر سعودی عرب کے دستخط
اعلان کے مطابق اس اکنامک کوریڈور میں بجلی اور ہائیدروجن کے لیے پائپ لائن بھی شامل ہوں گی۔ فائل فوٹو: عرب نیوز
سعودی عرب نے انڈیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے درمیان اقتصادی راہداری کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے انڈیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے درمیان نئے اکنامک کوریڈور کی تعمیر کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سنیچر کو کیے گئے اس اعلان کے مطابق اس اکنامک کوریڈور میں بجلی اور ہائیدروجن کے لیے پائپ لائن بھی شامل ہوں گی۔
نئی دہلی میں جی20 سربراہی اجلاس سے خطاب میں ولی عہد نے کہا کہ یہ پراجیکٹ ہمارے مشترکہ مفادات ’ہمارے ملکوں کے درمیان اور ایک دوسرے پر باہمی معاشی انحصار کو بڑھانے‘ کے حصول میں مددگار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور بحالی میں تعاون کرے گا جس میں ریلوے، اور بندرگاہیں شامل ہیں اور اس سے سامان اور خدمات کے تبادلے کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔
ولی عہد نے کہا کہ یہ منصوبہ شرکت کرنے والے ممالک کے درمیان تجارتی تبادلے میں اضافہ کرے گا اور توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہائیڈروجن سمیت توانائی کی سپلائی کی درآمد کو فروغ دے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’مفاہمتی یادداشت صاف توانائی کو فروغ دینے کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے، اور اس کا نفاذ تمام فریقوں کے لیے ٹرانزٹ کوریڈورز کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع اور طویل مدتی فوائد پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔‘