سعودی قیادت کی طرف سے مراکش میں زلزلے پر اظہار افسوس
’سعودی قیادت نے شاہ محمد ششم کو تعزیتی مکتوب روانہ کئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مراکش میں زلزلے کے باعث ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی قیادت نے مراکش کے فرمانروا شاہ محمد ششم کو تعزیتی مکتوب روانہ کئے ہیں۔
شاہ محمد ششم کے نام روانہ کئے گئے مکتوب میں شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ’ہمیں ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کی افسوسناک خبر ملی ہے‘۔
’ہمیں اس پر دلی دکھ ہوا ہے اور ہم متوفین کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں‘۔
شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ’ہم آپ سے اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے لیے جلد شفایابی کی امید رکھتے ہیں‘۔
اسی طرح کا پیغام ولی عہد کی طرف سے بھی روانہ کیا گیا ہے جس میں افسوس کے ساتھ مراکش کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔
شاہ محمد ششم کے نام مکتوب میں ولی عہد نے کہا ہے کہ ’مصیبت کی گھڑی میں سعودی عرب اپنے برادر ملک کے ساتھ کھڑا ہے‘۔
’ہم متوفین کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہیں نیز زخمیوں کے لیے جلد شفایابی کی امید رکھتے ہیں‘۔