Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’امریکہ پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے پر زور دیتا ہے‘

میتھیو ملر نے کہا امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان میں معیشت بہتر ہو۔ (فوٹو: اے پی)
امریکی محکمہ خارجہ نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں کسی سیاسی جماعت یا ایک امیدوار کی حمایت نہیں کرتا۔
پیر کو امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر سے امریکی سفیر کی ملاقات پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ پاکستان میں اتنخابات کے نتائج پر کوئی پوزیشن نہیں رکھتا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات پر امریکی سفارت خانہ ہی جواب دے سکتا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات پر زور دیتا ہے۔
ترجمان میتھیو ملر سے سوال ہوا کہ افغانستان کی معیشت اور ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی پاکستان کے مقابلے میں مستحکم ہے۔ اس پر محکمہ خارجہ کیا کہے گا؟
میتھیو ملر نے کہا امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان میں معیشت بہتر ہو۔
’امریکہ پاکستان میں ان اصلاحات کی حمایت کرتا ہے جن کے ذریعے پاکستانی معیشت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور امریکہ ان اصلاحات کی حمایت جاری رکھے گا۔‘
24 اگست کو اسلام آباد میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی تھی۔
امریکی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق ’امریکی سفیر نے پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
امریکی سفیر نے اس بات پر زور دیا تھا کہ ’پاکستان کے مستقبل کے رہنماؤں کا انتخاب کرنا پاکستانی عوام کا کام ہے۔‘

شیئر: