Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بینکوں کے ذریعے پیسے بھیجنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے انعامی سکیم

پاکستان کی نگراں حکومت نے قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نئی سکیم کا اعلان کیا ہے۔
نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے جمعے کو ایک بریفنگ میں بتایا کہ ’حکومت نے سکیم کو فروغ دینے کے لیے 80 ارب روپے مختص کیے ہیں اور اس مد میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کو 20 ارب روپے منتقل کیے جا چکے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’حکومت نے قانونی ذرائع سے ترسیلات زر کو فروغ دینے کے لیے پانچ اقسام کی سکیموں کا اعلان کیا ہے۔‘
نگراں وزیر خزانہ کے مطابق ’اس سکیم کے تحت 100 ڈالر سے زائد ترسیلات زر کو بغیر کسی فیس کے یہاں وصول کیا جا سکے گا۔‘
’سکیم کے مطابق ترسیلات زر بھیجنے والوں کو پوائنٹس دیے جائیں گے جن کے تحت وہ کئی سرکاری اداروں سے خدمات اور اشیا رعایتی نرخوں پر حاصل کر سکیں گے۔‘
ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ ’اس سکیم کے مطابق حکومت پاکستان ایکسچینج کمپنیوں کے لیے بھی مراعات فراہم کرے گی۔‘
’اس سکیم کے تحت مالی اداروں کی جانب سے قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے کے حوالے سے مارکیٹنگ کے بدلے مراعات دی جائیں گی۔‘
نگراں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ’سکیم کے تحت قرعہ اندازی کی جائے گی اور اس کے تحت قانونی ذرائع کے ذریعے زیادہ ترسیلات زر بھیجنے والوں کو نقد انعامات بھی دیے جائیں گے۔‘

شیئر: