سعودی عرب میں چھ ملکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کی خواتین فٹبال ٹیم کا اعلان
پاکستان گروپ اے میں شامل ہے جس کی دوسری دونوں ٹیمیں سعودی عرب اور ملائیشیا ہیں (فائل فوٹو: پی ایف ایف)
پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے آئندہ ہفتے سعودی عرب میں شروع ہونے والے خواتین کے چھ ملکی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ایف ایف نے جمعے کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’22 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کی قیادت ماریہ خان کریں گی۔‘
یہ ٹورنامنٹ 18 سے 30 ستمبر تک کھیلا جائے گا اور اس میں سعودی عرب اور پاکستان کے علاوہ لبنان، لاؤس، ملائیشیا اور بھوٹان کی خواتین کی قومی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پاکستان گروپ اے میں شامل ہے جس کی دوسری دونوں ٹیمیں سعودی عرب اور ملائیشیا ہیں۔ گرین شرٹس اپنا پہلا میچ 21 ستمبر کو کھیلے گی۔
پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ میچ 24 ستمبر کو طائف کے شاہ فہد سٹیڈیم میں ہو گا جبکہ ٹورنامنٹ کے باقی سارے میچز بھی اسی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
اس سے قبل پاکستان کی خواتین کی فٹ بال ٹیم نے رواں برس جنوری میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور چار ملکی ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا۔ یہ ٹورنامنٹ سعودی عرب نے جیتا تھا۔