سعودی عرب کے کون سے ایئرپورٹ کارکردگی میں سرفہرست رہے
کارکردگی جانچنے کے لیے 14 خصوصی معیار مقرر کیے گئے ہیں ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے اگست 2023 کے دوران 14 بنیادوں پر نیشنل اور انٹرنیشنل ایئرپورٹس کی کارکردگی سے متعلق خصوصی رپورٹ جاری کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے بیان میں کہا کہ ’کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ، کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ، امیر نایف القصیم ایئرپورٹ اور القریات ایئرپورٹ نے اگست کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا‘۔
ایئرپرٹس کی کارکردگی جانچنے کے لیے انہیں پانچ زمروں میں تقسیم کیا گیا ۔ پہلے زمرے میں ان بین الاقوامی ایئرپورٹس کو شامل کیا گیا جہاں سے سالانہ پندرہ ملین سے زیادہ افراد سفر کررہے ہیں۔
جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 91 فیصد پابندی کے حوالے سے پہلی جبکہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 82 فیصد تک پابندی کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
محکمہ شہری ہوابازی نے دوسرے زمرے میں ان انٹرنیشنل ایئرپورٹس کو شامل کیا ہے جہاں سالانہ سفر کرنے والوں کی تعداد 5 سے 15 ملین تک ہے۔
اس زمرے میں شامل کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دمام نے 82 فیصد پابندی کے ساتھ پہلی، امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مدینہ منورہ نے 82 فیصد پابندی کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔
کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے پروازوں کی آمد ورفت میں اوسط انتظار کے حوالے سے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آگے ہے۔
محکمہ شہری ہوابازی نے تیسرے زمرے میں ان انٹرنیشنل ایئرپورٹس کو شامل کیاہے جہاں سالانہ دو سے پانچ ملین تک افراد سفر کرتے ہیں۔
اس زمرے میں 91 فیصد کی پابندی سے ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سرفہرست رہا جبکہ جازان کا کنگ عبداللہ ایئرپورٹ 82 فیصد پابندی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
چوتھے زمرے میں ان انٹرنیشنل ایئرپورٹس کو شامل کیا گیا جہاں سالانہ سفر کرنے والوں کی تعداد دو ملین سے کم ہے۔
اس زمرے میں قصیم کے امیر نایف ایئرپورٹ نے سو فیصد پابندی کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
پانچویں زمرے میں مملکت کے نیشنل ایئرپورٹس رہے۔ اس زمرے میں القریات ایئرپورٹ سو فیصد پابندی کے ساتھ سرفہرست ہے۔
محکمہ شہری ہوابازی نے کارکردگی جانچنے کے لیے 14 خصوصی معیار مقرر کیے ہیں ان میں سرفہرست سفری کارروائی میں انتظار کا دورانیہ ہے۔