کِم جونگ اُن کا چھ روزہ دورہ روس اختتام پذیر، تحفے میں ڈرونز دیے گئے
اتوار 17 ستمبر 2023 12:25
شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن اتوار کو اپنی بکتر بند ٹرین کے ذریعے روس سے روانہ ہوگئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن نے چھ روزہ دورہ روس مکمل کر لیا ہے۔ دورے میں زیادہ تر توجہ عسکری امور پر مرکوز تھی۔
کورونا وائرس کی وبا کے بعد یہ کِم جونگ اُن کا بیرون ملک پہلا سرکاری دورہ تھا۔ اس دورے نے ان مغربی اندیشوں کو ہوا دی ہے کہ ماسکو اور پیانگ یانگ پابندیوں کی خلاف ورزی کریں گے اور ہتھیاروں کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔
روس کی ریا نووستی ایجنسی نے شمالی کوریا کے سربراہ کی روانگی کی ایک ویڈیو شائع کی ہے۔
خبر رساں ایجنسی طاس نے کہا ہے کہ پریموریا ریجن کے گورنر نے کِم جونگ اُن کو پانچ ڈرونز، ایک جاسوس ڈرون اور ایک بلٹ پروف جیکٹ کا تحفہ دیا ہے۔
سنیچر کو کِم جونگ انُ نے روسی وزیر دفاع سے دلادیووسک میں ملاقات کی جہاں انہوں نے ہائپر سونک میزائلوں سمیت جدید ہتھیاروں کا معائنہ کیا۔
روس کے مشرقی حصے میں کِم جونگ اُن نے منگل کو اپنے دورے کا آغاز کیا جہاں ان کی توجہ عسکری امور پر تھی۔ انہوں نے کمسل اولسک نا امورے میں صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ علامتی رائفل کا تبادلہ کیا اور لڑاکا طیاروں کی فیکٹری کا دورہ بھی کیا۔
کہا جا رہا ہے کہ ماسکو یوکرین میں لڑائی جاری رکھنے کے لیے شمالی کوریا سے گولہ بارود خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے جبکہ پیانگ یانگ اپنے میزائل پروگرام کو تیار کرنے کے لیے روس کی مدد کا خواہاں ہے۔
کریملن نے کہا ہے کہ کسی معاہدے پر دستخط نہیں ہوئے اور نہ ہوں گے۔
اتوار کو دلادیووسک میں کِم جونگ انُ نے روس میں زیر تعلیم شمالی کوریا کے طلبہ سے ملاقات بھی کی۔
شمالی کوریا کی خبر رساں ایجنسی کے اسی این اے پیانگ یانگ اور ماسکو کے درمیان دوستی، یکجہتی اور تعاون کا ایک نیا دور شروع ہو رہا ہے۔