Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہین شاہ آفریدی کی بابر اعظم کی حمایت میں ٹویٹ،’شطرنج اور فیملی‘

شاہین آفریدی نے اس ٹویٹ کے ذریعے بابر اعظم کے ساتھ ناراضی کی افواہوں کو ختم کر دیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف اپی)
ایشیا کپ میں انڈیا اور سری لنکا سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے  بارے میں سوشل میڈیا پر کچھ افواہیں سرگرم ہیں کہ ٹیم کے کھلاڑی کپتان بابر اعظم سے خوش نہیں ہیں۔
اِن تمام افواہوں نے اُس وقت جنم لیا جب مبینہ طور پر یہ خبر آئی کہ سری لنکا کے خلاف میچ ہارنے کے بعد بابر اعظم نے ٹیم کے کھلاڑیوں پر ڈریسنگ رُوم میں غصہ کیا۔
اس کے ساتھ ایک اور افواہ نے بھی جنم لیا کہ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کے درمیان بھی ناراضی چل رہی ہے۔
اس ساری صورتحال کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے منگل کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ٹویٹ کی ہے جس میں انہوں نے ایک تصویر اور اُس کے کیپشن کے ساتھ سوشل میڈیا پر زیر بحث افواہوں کا خاتمہ کر دیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے اپنی ٹویٹ میں بابر اعظم کے ساتھ شطرنج کھیلنے کی تصویر اپلوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ ’فیملی۔‘
 
فاسٹ بولر کی اس ٹویٹ کے بعد پاکستانی کرکٹ شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جس کے بعد مداحوں کی جانب سے اس ٹویٹ کے جواب میں تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
حسن نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’نفرت کرنے والوں کے دماغ کے ساتھ شطرنج کھیل رہے ہیں۔‘
 
عبدالرافع نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ بابر اعظم کا زمانہ ہے اور ہم اس میں جی رہے ہیں۔‘
 
نور اے یوسفزئی لکھتی ہیں کہ ’وہ لوگ سامنے آئیں جو کہہ رہے تھے کہ بابر اور شاہین میں کوئی جھگڑا ہے۔ مطلب لائکس اور مشہور ہونے کے چکر میں کچھ بھی بول دو گے۔ کچھ شرم کرو۔‘
 
ع نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’آپ سب لوگ کتنے بے وقوف ہو جو اِن کے دونوں کے پیچھے لڑ رہے ہو، یہ دونوں ایک دوسرے کی طاقت ہیں۔‘
 
نور مغل نے تبصرہ کیا کہ ’بندے (شاہین آفریدی) کی آج شادی ہے لیکن انہیں لگا کہ اپنے اور اپنے کپتان کے بارے میں ٹویٹ کرنا زیادہ اہم ہے۔‘
 
ایمن نے ٹویٹ کی کہ ’تمام ایجنڈے مٹی میں مل گئے۔‘
 

 

شیئر: