سعودی شہری نے یتیم بچی کو گردہ عطیہ کر کے زندگی بچا لی
مرنے کے بعد تمام اعضا عطیہ کرنے کےلیے بھی اندراج کرایا ہے (فوٹو: سکرین گریب الاخباریہ)
سعودی شہری عبداللہ العنزی نے گردے کے لاعلاج مرض میں مبتلا یتیم بچی کی زندگی بچانے کے لیے اپنا ایک گردہ عطیہ کر کے ایک مثال قائم کی ہے۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عبداللہ العنزی نے کہا کہ ’ہسپتال انتظامیہ سے رابطے کے دوران یتیم بچی کے بارے میں معلوم ہونے پر گردہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ آپریشن کامیاب ہوجانے پر جو خوشی مجھے ملی ہے وہ بیان سے باہر ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جو لوگ گردہ عطیہ کرسکتے ہوں وہ یہ کار خیر ضرور کریں۔ یقین جانیں گردہ عطیہ کرنے پر جو خوشی ملے گی وہ انمول ہوگی۔‘
سعودی شہری کا کہنا تھا کہ ’میں یتیم بچی سے ناواقف تھا۔ جب مجھے بچی کے تمام حالات معلوم ہوئے تو گردے کے عطیے کی خوشی دو چند ہوگئی۔‘
عبداللہ العنزی کا کہنا ہے ’اب میں نے مرنے کے بعد اپنے تمام اعضا عطیہ کرنے کے لیے بھی اندراج کرایا ہے۔‘