والد کو ڈائیلاسز کی تکلیف سے بچانے کے لیے بیٹے نے گردہ عطیہ کر دیا
فیملی کے تمام افراد والد کو گردہ عطیہ کرنا چاہتے تھے۔ (فوٹو سبق)
سعودی نوجوان محمد بن علی آل مرعی نے آئے دن گردے کی صفائی کے درد سے دوچار ہونے والے اپنے والد کو اپنا گردہ عطیہ کرکے تکلیف سے نجات دلا دی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق رمضان المبارک کے بعد پتہ چلا تھا کہ نوجوان سعودی شہری کے والد علی بن عبداللہ آل مرعی کے گردے کی کارکردگی خراب ہوگئی ہے۔
اس پر بیٹے نے اپنا گردہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ طبی معائنے سے پتہ چلا کہ بیٹے کا گردہ باپ کے کام آسکتا ہے۔
امیر سلطان آرمی میڈیکل ہسپتال ریاض میں گردے کی تبدیلی کا آپریشن کیا گیا جو کامیاب رہا۔
عطیہ کرنے والے نوجوان محمد کا کہنا تھا کہ ’میں نے جو کچھ کیا وہ مجھ پر والد کا قرض تھا۔ میں اپنے والد کے لیے جتنا بھی کروں کم ہے۔ میں ان کے احسانات کا بدلہ نہیں چکا سکتا۔‘
گردہ عطیہ کرنے والے سعودی نوجوان محمد بن علی کے بھائی ڈاکٹر عبداللہ آل مرعی نے کہا کہ ’مقام شکر ہے کہ فیملی کے تمام افراد والد کو گردہ عطیہ کرنے کے لیے ایک دوسرے پر بازی لے جانے کی کوشش کررہے تھے مگر یہ کارخیر میرے بھائی محمد کے نصیب میں لکھا تھا۔‘
ڈاکٹر عبداللہ کا کہنا ہے کہ ’آپریشن کے بعد اب والد اور بھائی صحت یاب ہوچکے ہیں‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں