Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئندہ دنوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کم ہونے کا امکان ہے: نگراں وزیر اطلاعات

نگراں حکومت نے 15 ستمبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ بڑا اضافہ کیا تھا (فوٹو: گیٹی امیجز)
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ موجودہ نگراں حکومت کے انتظامی اقدامات کی وجہ سے ڈالر کی قدر کم ہوئی ہے جس کا اثر پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری پر بھی پڑتا ہے۔ ’اُمید ہے آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی واقع ہو گی۔‘
سنیچر کو کراچی میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ میں موجود قیمتوں سے ہوتا ہے۔
پاکستان میں نگراں حکومت نے 15 ستمبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ بڑا اضافہ کیا تھا۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 26 روپے 2 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 17 روپے 34 پیسے بڑھائی گئی تھی۔
نگراں وزیراعظم نے جب 14 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اُٹھایا تو اس وقت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 272 روپے 95 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 273 روپے 40 پیسے تھی۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ’آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔ الیکشن کمیشن بااختیار آئینی ادارہ ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ نگراں حکومت الیکشن کمیشن کی ہر طرح سے مدد کرے گی اور الیکشن کمیشن کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی۔ ’عام انتخابات کے انعقاد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، 30 نومبر تک حلقہ بندیاں مکمل ہو جائیں گی اس کے بعد الیکشن کی حتمی تاریخ بھی دے دی جائے گی۔‘
 

شیئر: