Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قتل کا جرم ثابت، فرانس میں مشہور گلوکار ایم ایچ ڈی کو 12 برس قید کی سزا

تمام مجرم قرار دیے گئے افراد کو فیصلے کے خلاف دس دن میں اپیل کا حق ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
فرانسیسی گلوکار ’ایم ایچ ڈی‘ کو ایک نوجوان کو قتل کرنے کے جرم میں 12 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنہ 2018 میں پیرس میں ایک شخص کو کار سے ٹکر مارنے کے بعد چھری کے وار کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔
قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے ایم ایچ ڈی کے پانچ ساتھیوں کو بھی دس سے 18 برس قید کی سزا سنائی جبکہ تین کو بری کیا گیا۔
سرکاری وکیل کے مطابق یہ قتل متحارب گینگ کی لڑائی کے دوران ہوا۔
گلوکار ایم ایچ ڈی ایک ریپر کے طور پر سنہ 2015 میں نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہوئے تھے۔ وہ روایتی افریقی موسیقی اور ہپ ہاپ کے امتزاج سے ’افرو ٹریپ‘ میوزک کے بانیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
ایم ایچ ڈی کی عمر 29 برس ہے اور اُن کا اصل نام محمد صلا ہے۔ اُن پر جنوری 2019 میں قتل کی فردِ جرم عائد کر کے گرفتار کیا گیا تھا۔
ڈیڑھ سال بعد ضمانت پر رہا کیے جانے کے بعد ایم ایچ ڈی نے اس عرصے میں اپنے گیتوں کا نیا البم ریلیز کیا۔ اس دوران تفتیش کار مقدمے کی کڑیاں ملاتے رہے۔
سنیچر کو جب مقدمے کا فیصلہ سنایا گیا تو عدالت کی گیلری میں موجود متعدد خواتین رو پڑیں۔ ایم ایچ ڈی نے ان میں سے ایک کو گلے لگایا اور اس دوران اپنے جذبات پر قابو پائے رکھا۔
تمام مجرم قرار دیے گئے افراد کو فیصلے کے خلاف دس دن میں اپیل کا حق ہے۔
عدالت کے فیصلے سے قبل ایم ایچ ڈی نے ایک بار پھر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ بے قصور اور بے گناہ ہیں۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ وہ اس مقدمے کے آغاز سے ہی کہتے ہیں کہ وہ بے قصور ہیں اور وہ اب بھی یہی کہیں گے۔
سرکاری وکیل نے عدالت سے رپیر ایم ایچ ڈی کو 18 سال قید کی سزا سنانے کی استدعا کی تھی۔ جبکہ دیگر ملزمان کو 13 سے 20 برس تک قید کی سزائیں دینے کی درخواست کی۔

شیئر: