ٹریفک حادثے میں زخمی پاکستانی کی فضائی ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقلی
ہلال احمر کے آپریشن روم کو حادثے کی کال موصول ہوئی تھی (فوٹو: سبق)
سعودی فضائی ایمبولینس نے بریدہ شہر سے 200 کلو میٹر دور ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے پاکستانی شہری کو ہنگامی بنیادوں پر بریدہ کے سینٹرل ہسپتال منتقل کیا ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطبق قصیم ریجن میں ہلال احمر کے آپریشن روم نے بتایا کہ ایمرجنسی نمبر پر حادثے کی کال موصول ہوئی تھی۔
پتہ چلا تھا کہ قصیم ریجن کے شمال میں البعیثہ الزبیرۃ روڈ پر ایک پاکستانی شہری ٹریفک حادثے میں زخمی ہوا ہے۔ فوری طور پر فضائی ایمبولینس اور امدادی ٹیم روانہ کی گئی۔
ہلال احمر کا کہنا ہے کہ ’ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے پاکستانی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ متعلقہ اداروں کے تعاون سے فضائی ایمبولینس کی محفوظ لینڈنگ کا انتظام کیا گیا۔‘
ہلال احمر کا کہنا ہے ’بریدہ شہر سے 194 کلو میٹر دور ایک اور غیرملکی کے حوالے سے ٹریفک حادثے کی اطلاع ملی تھی۔‘
’حادثہ قصیم ریجن کے ضلع رشید مقام پر پیش آیا تھا۔ فضائی ایمبولینس نے مقیم غیرملکی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد بریدہ کے سینٹرل ہسپتال منتقل کیا۔‘
القصیم ریجن میں ہلال احمر کے ڈائریکٹر خالد الخضر نے بتایا کہ ’ضلع رشید جو فضائی ایمبولینس بھیجی گئی وہ جدید آلات سے لیس تھی۔‘
’فضائی ایمبولینس کے ساتھ امدادی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر روانہ کی گئی تھیں تاکہ ممکنہ طور پر ایک سے زیادہ زخمی ہونے والوں کو ہنگامی طور پر طبی امداد مہیا کی جا سکے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہلال احمر شاہراہوں سے سفر کرنے والے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی سلامتی اورانہیں ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے مستعد ہے۔‘