جدہ میں زخمی پاکستانی مزدور کے لیے فضائی ایمبولینس ریکارڈ وقت میں پہنچ گئی، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل
جمعرات 24 اگست 2023 19:22
سوشل میڈیا پر صارفین نے سعودی ہلال احمر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ (فوٹو العربیہ چینل)
سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں ایک پروجیکٹ پر کام کرتے ہوئے پاکستانی کارکن 12 میٹر کی اونچائی سے گرگیا جسے طبی امداد کی فراہمی کے لیے پندرہ منٹ کے اندر فضائی ایمبولینس پہنچ گئی۔ پاکستانی کو کنگ فہد ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
المدینہ اخبار اور مزمز کے مطابق جدہ میں مقیم یمنی شہری نے فضائی ایمبولینس کی آمد اور پاکستانی شہری کو متاثرہ مقام سے کنگ فہد ہسپتال منتقلی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جو وائرل ہوگئی۔
یمنی شہری کو وڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’ اسے انسانیت سے ہمدردی اور وفاداری کہتے ہیں۔ اللہ مملکت، اس کے حکام، عوام اور فوج کو اس شاندار وفاداری پر نوازے‘۔
یمنی شہری نے بتایا کہ ’حادثے کی اطلاع ملتے ہی پندرہ منٹ کے اندر فضائی ایمبولینس پاکستانی کی مدد کے لیے پہنچ گئی۔ قابل مبارکباد ہیں وہ لوگ جنہوں نے فضائی ایمبولینس ریکارڈ وقت میں بھجوائی‘۔
یمنی شہری کا مزید کہنا تھا ’ہمارا پاکستانی ساتھی بارہ میٹر کی اونچائی سے گر گیا تھا۔ پندرہ منٹ کے اندر فضائی ایمبولینس پاکستانی کی مدد کے لیے پہنچ گئی۔ یہ پاکستانی نہ تو تاجر تھا نہ وزیر، نہ عہدیدار۔ یہ ایک عام مزدور تھا۔ حادثے کے بعد ایمبولینس طلب کی تھی تاہم جدہ میں الحرمین روڈ پر شدید اژدحام کے باعث متعلقہ حکام نے فضائی ایمبولینس بھیجی تاکہ زخمی کو ریکارڈ وقت میں ہسپتال منتقل کیا جاسکے‘۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے پاکستانی مزدور کے ساتھ انسانیت نواز اقدام پر ردعمل ظاہر کیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے یمنی شہری کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو پر مختلف تبصرے کیے ہیں۔
سلمان الراجح کا کہنا ہے کہ ’فضائی ایمبولینس نے ریکارڈ وقت میں سروس فراہم کرکے ثابت کردیا کہ ہمارے یہاں انسان سب سے اوپر ہے‘۔
محمد الغامدی نے فضائی ایمبولینس کے اہلکاروں کو سلام شکر پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’ہلال احمر عظیم الشان سرکاری ادارہ ہے۔ پاکستانی سے متعلق ویڈیو ہمارا فخر ہے۔ ثابت ہوگیا کہ ہم مقامی اور غیرملکی میں فرق نہیں کرتے‘۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں