سعودی عرب مشرق وسطی میں سنگاپور کا بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی نے کہا ہے کہ ’سنگاپور کے ساتھ سعودی عرب نے سٹراٹیجک تجارتی تعلقات قائم کیے ہوئے ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم 12 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ دوطرفہ تجارت کا حجم وسیع ہونے کے بڑے امکانات ہیں۔‘
اخبار 24 کے مطابق ماجد القصبی نے سعودی سنگاپور بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب تجارت اور لاجسٹک خدمات کا عالمی مرکز بننے کے لیے اپنا نظام تبدیل کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں بنیادی ڈھانچے اور اکنامک زونز سے مدد مل رہی ہے۔‘
بزنس فورم میں سنگاپور اور سعودی عرب میں سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر کے 300 کلیدی عہدیدار شریک ہیں۔
القصبی نے توجہ دلائی کہ ’سعودی عرب نے 2022 کے دوران جی 20 میں شامل ممالک کے درمیان مجموعی قومی پیداوار میں8.7 فیصد شرح نمو کا اعلٰی ترین ریکارڈ حاصل کیا ہے۔ سعودی عرب کی مجموعی پیداوار 1.1 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ 2021 میں مملکت کا بین الاقوامی تجارت میں حصہ 12 فیصد رہا جبکہ آن لائن سعودی بزنس مارکیٹ پوری دنیا میں 27 ویں نمبر پر رہی.‘
دوسری جانب سنگاپور کے وزیر افرادی قوت و تجارت و صنعت تن شی لنگ نے فورم سے خطاب میں کہا کہ ’سعودی عرب اور سنگاپور کے اقتصادی تعلقات گہرے ہیں۔ دونوں ممالک مضبوط تجارتی و سرمایہ کاری کے رشتے استوار کیے ہوئے ہیں۔ توانائی اور کمیونیکیشن جیسے اہم شعبوں میں اقتصادی تعاون میں دونوں ملکوں نے بڑی پیش رفت حاصل کی ہے۔‘
سعودی نائب وزیر تجارت ڈاکٹر ایمان المطیری نے بتایا کہ ’2016 سے نو اہم شعبوں میں سعودی عرب کے 60 سرکاری اداروں نے 700 سے زیادہ اقتصادی اصلاحات نافذ کی ہیں۔‘
المطیری نے توجہ دلائی کہ ’1200 نئے ضوابط جاری ہوئے جن کی وجہ سے کاروباری ماحول کو بین الاقوامی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش بنانے میں مدد ملی۔‘
سنگاپور بزنس فیڈریشن کے ایگزیکٹیو چیئرمین نے کہا کہ ’سعودی عرب مشرق وسطٰی میں سنگاپور کا بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2021 کے مقابلے میں 2022 کے دوران سالانہ کاروباری حجم میں 47 فیصد اضافہ ہوا۔‘
یاد رہے کہ سعودی سنگاپور بزنس فورم سعودی وزیر تجارت کی قیادت میں اعلٰی سطحی سعودی وفد کے دورہ سنگاپور کے موقع پر منعقد کیا گیا ہے۔ یہ سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے 36 عہدیداروں پر مشتمل ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں