اقتصادی شراکت داری بڑھانے کےلیے سعودی وزیر تجارت کا دورہ برطانیہ مکمل
اقتصادی شراکت داری بڑھانے کےلیے سعودی وزیر تجارت کا دورہ برطانیہ مکمل
اتوار 11 جون 2023 22:36
ماجد القصبی نے برطانوی وزرا اور دیگر عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی نے برطانوی وزرا اور برطانیہ میں بڑی کمپنیوں کے رہنماؤں کے ساتھ متعدد ملاقاتیں کیں جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینا تھا۔
سرکاری خبر رساں ایس پی اے کے مطابق اپنے دورے کے دوران ماجد القصبی نے توانائی سکیورٹی کے وزیر مملکت اور نیٹ زیرو گرانٹ شیپس، وزیر تجارت و کاروبار، وزیر سرمایہ کاری ڈومینک جانسن، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے امور کے وزیر مملکت لارڈ طارق احمد اور محکمہ تعلیم میں وزیر مملکت نک گِب سے ملاقات کی۔
ملاقاتوں میں برطانیہ میں سعودی سفیر شہزادہ خالد بن بندر اور نائب وزیر تجارت اور قومی مسابقتی مرکز کی سی ای او ڈاکٹر ایمان بنت حبس المطیری نے شرکت کی۔
ماجد القصبی نے سائنس، انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی کے انڈر سیکریٹری ویزکاؤنٹ کیمروز، برطانوی وزیر اعظم کے مشیر برائے کاروبار اور سرمایہ کاری فرینک پیٹگاس، وزیر اعظم کے خصوصی نمائندے برائے تعلیم سر سٹیو سمتھ، اور برٹش ایکریڈیٹیشن اتھارٹی کے سی ای او میٹ گینٹلی کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان کاروباری مواقع اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے مملکت کے وژن 2030 کی حکمت عملی، پروگرامز اور برطانوی کمپنیوں کو سعودی عرب میں اپنے کاروبار کو بڑھانے کی ترغیب دی گئی۔
انہوں نے ابھرتی ہوئی کمپنیوں کو تحقیق اور اختراع کے امید افزا شعبوں میں داخل ہونے کی ترغیب دینے اور مالی اعانت فراہم کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے میں برطانوی مہارت کا جائزہ لیا۔
ماجد القصبی نے برطانوی کاروباری شعبے کے رہنماؤں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں جن میں رولز رائس کے سی ای او ٹوفان ایرگن بلجک بھی شامل ہیں۔
انہوں نے ایشیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ کے درمیان تجارت کو فروغ دینے سے متعلق ایک تھنک ٹینک ایشین ہاؤس کے اراکین کے ساتھ ایک ڈائیلاگ سیشن میں بھی شرکت کی۔
سعودی وفد نے ڈولوچ کالج کا دورہ کیا جہاں اسے تعلیم کے شعبے میں برطانوی طرز عمل اور مہارت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
سعودی وزیر کا دورۂ برطانیہ سعودی برطانوی سٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کی اقتصادی اور سماجی کمیٹی کے لندن میں ہونے والے تیسرے اجلاس کے موقع پر ہوا۔
یہ فورم جس میں 22 سرکاری، غیر منافع بخش اور نجی ایجنسیوں کے 45 عہدیدار شامل تھے کا اہتمام نیشنل مسابقتی مرکز، جوائنٹ سعودی برٹش بزنس کونسل اور فیڈریشن آف سعودی چیمبرز نے کیا تھا۔