سلیمہ خان ریاست اتر پردیش کے ضلع بلند شہر سے تعلق رکھتی ہیں اور وہ اب مقامی پرائمری سکول میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔
ویڈیو میں بزرگ طالبہ سلیمہ خان کو بچوں کے ساتھ کمرہ جماعت میں پڑھائی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
سلیمہ خان دیگر ہم جماعت بچوں کی طرح اپنی ٹیچر کو سبق سناتی ہیں اور روزانہ سکول آتی ہیں۔
اس سلسلے میں وہ کہتی ہیں کہ ’مجھے پڑھنا اچھا لگتا ہے ، میں سکول جاتی ہوں اور اب میں نوٹ (پیسے) بھی گِن لیتی ہوں۔‘
دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سلیمہ خان نے اِس عمر میں تعلیم حاصل کرنے کی حیرت انگیز وجہ یہ بتائی کہ اُن کے پوتے پوتیاں اُنہیں چکما دے کر اُن سے زیادہ پیسے لے جاتے تھے کیونکہ وہ نوٹ نہیں گِن سکتی تھیں۔‘
انہوں نے اس وجہ سے تقریبا چھ ماہ قبل سکول میں داخلہ لے لیا جہاں اُن کے ساتھی طلباء کی عمر اُن سے کم از کم 80 برس چھوٹی ہے۔
سلیمہ اب 100 تک گنتی گِن سکتی ہیں اور اپنا نام آسانی سے لکھ سکتی ہیں۔
خیال رہے سلیمہ خان 1931 کے قریب پیدا ہوئیں۔ اُن کی شادی 14 برس کی عمر میں کروا دی گئی تھی۔
وہ ہمیشہ سے ہی لکھنا پڑھنا چاہتی تھیں لیکن ایک طویل عرصے تک اُن کا یہ خواب پورا نہ ہو سکا کیونکہ جب وہ چھوٹی تھیں تو اُن کے علاقے میں کوئی سکول نہیں تھا۔