Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کے اجلاس میں نئے بجٹ اور لیبر مارکیٹ میں تبدیلیوں کا جائزہ

اجلاس منگل کو نیوم میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ کے اجلاس میں نئے قومی بجٹ اور لیبر مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو نیوم میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا۔ 
کابینہ نے انسداد منی لانڈرنگ سے متعلق اداروں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چیف آفیشل سے مربوط کیا ہے۔
اجلاس کے آغاز میں کابینہ کو بنین اور چاڈ کے سربراہوں کی جانب سے شاہ سلمان اور ولی عہد کو موصول ہونے والے پیغامات کے متن سے آگاہ کیا گیا سعودی حکام کے ان کے غیر ملکی ہم منصبوں کے درمیان ہونے والے حالیہ مذاکرات کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
سعودی وزیر اطلاعات و نشریات سلمان الدوسری نے اجلاس کے بعد  ایس پی اے کو بتایا کہ متعدد ممالک اور سعودی عرب کے درمیان رابطہ کونسلوں کے ماتحت بننے والی کمیٹیوں کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
کابینہ نے ملکی سطح پر نئے قومی بجٹ 2024 کے نمایاں خدوخال کا جائزہ لیا۔ مملکت میں ہمہ جہتی ترقی کے عمل کے حامی اہداف اور تخمینوں پر روشنی ڈالی گئی۔
علاوہ ازیں سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو پیش کی جانے والی سہولتوں کا معیار بلند کرنے کی کوشش جاری رکھنے، پائیدار مالیاتی نظام کے تحفظ کے ساتھ اقتصادی تنوع اور شرح نمو جاری رکھنے کے عزائم کا اظہار کیا گیا۔ 
کابینہ نے سال رواں کی دوسری سہ ماہی میں لیبر مارکیٹ میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا۔ اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ سعودی شہریوں میں بے روزگاری کی شرح 9.7 فیصد سے  گھٹ کر 8.3 فیصد تک آگئی۔ 
بے روزگار سعودی شہریوں کی تعداد میں کمی کی بڑی وجہ وژن 2030 سے متعلق اقدامات اور پروگرام ہیں۔

کابینہ نے انسداد منی لانڈرنگ سے متعلق اداروں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چیف آفیشل سے مربوط کیا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)

وزیر اطلاعات نے بتایا ’ کابینہ نے سعودی عرب میں الیکٹرک کار تیار کرنے والی پہلی کار فیکٹری کے افتتاح کو مسلسل کامیابیوں کی اہم علامت قرار دیا‘۔ 
اجلاس میں اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ’ نئی فیکٹری کا افتتاح اقتصادی وسائل کے تنوع، باہر سے سرمایہ کاری لانے اور جدید ٹیکنالوجی کو سعودی عرب کی شناخت کا حصہ بنانے سے متعلق وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کا حصہ ہے‘۔ 
کابینہ نے پانچ اکتوبر جمعرات کو ’اساتذہ کے عالمی دن‘  پر نئی نسلوں کی تعمیر و تشکیل اور حال و مستقبل کو بنانے سنوارنے والے معاشرے کی تخلیق میں اساتذہ کی کاوشوں پر قدرو منزلت کا اظہار کیا۔ 
کابینہ نے بیلجیئم کے ساتھ  توانائی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر توانائی، سول سوسائٹی کے مالیاتی تعاون سے متعلق  معلومات کے تبادلے اور شفافیت کے فروغ کے سلسلے میں ہالینڈ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر خارجہ کو تفویض کیا ہے۔
معدنیات کے شعبے میں تعاون کے لیے انگولا  اور جمہوریہ گنی کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کے اختیارات وزیر صنعت و معدنیات ، چھوٹے اور درمیانے  سائز کے اداروں کے فروغ کے سلسلے میں اردن کے ساتھ تعاون کی یادداشت پر مذاکرات کا اختیار وزیر تجارت کو دیا گیا۔ 
کابینہ نے بحرین اور تاجکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر صنعت و معدنیات اور تھائی لینڈ کے  ساتھ عربی زبان کے فروغ کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر ثقافت کو تفویض کیا۔ 
کابینہ نے سنگاپور کے ساتھ تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر مذاکرات کی منظوری دی۔ 
کابینہ نے فروغ افرادی قوت فنڈ کو روزگار کے مشترکہ قومی پلیٹ فارم کا ذمہ دار مقرر کیا ہے۔

شیئر: