Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امن عمل کی بحالی کےلیے کوششیں خطے کے استحکام کے حصول میں معاون: سعودی کابینہ

سعودی ولی عہد کی زیر صدارت اجلاس میں 13 فیصلے جاری کیے گئے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے منگل کو کہا ہے کہ اسے امید ہے کہ’ امن عمل کی بحالی کی کوششیں مشرق وسطی میں سلامتی اور استحکام کے حصول میں معاون ثابت ہوں گی‘۔
کابینہ کے اجلاس میں جدہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تنظیمی انتظامات کی بھی منظوری دی گئی۔ 
 خبررساں ادارے ایس پی  اے کے مطابق کابینہ نے نیوم میں ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت اجلاس میں 13 فیصلے جاری کیے ہیں۔ 
شہزادہ محمد بن سلمان نے 93 ویں یوم وطنی کی موقع پر سعودی عرب کے لیے نیک خواہشات کے اظہار پر  برادر اور دوست ممالک کے فرمانرواؤں، سربراہوں اور رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔ 
کابینہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں سیشن کے دوران کثیر فریقی اجلاسوں میں سعودی عرب کی شرکت کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ’اس سے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول، بین الاقوامی چیلنجوں، خطے کے بحرانوں اور مسائل کے حل کے حوالے سے مسلسل کوششوں اور اقوام عالم کے لیے امن و سلامتی کے فروغ کے حوالے سے سعودی عرب کا موثر کردار اجاگر ہوا ہے‘۔ 
سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کے بعد بتایا کابینہ نے خواہش ظاہر کی کہ’ سعودی عرب مشرق وسطی امن عمل میں تیزی لانے کےلیے کوششوں کا حصہ بننا چاہتا ہے‘۔
’سعودی عرب، عرب لیگ اور یورپی یونین نے مصر اور اردن کے تعاون سے امن فارمولا پیش کیا تاکہ 1967 والی سرحدوں کے دائرے میں خود مختار فلسطینی ریاست قائم ہوسکے۔ اس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہو۔عرب امن فارمولے اور بین الاقوامی قانونی فیصلوں کے مطابق مشرق وسطی میں امن و استحکام بحال ہو‘۔ 
کابینہ نے ویانا میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی جنرل کانگریس کے سامنے پیش کردہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ’ سعودی عرب ایٹمی ٹیکنالوجی کو بنی نوع انساں کی فلاح و بہبود کی خاطر بین الاقوامی تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔ ایٹمی اسلحہ کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے کو ضروری سمجھتا ہے‘۔  
کابینہ نے عروق بنی معارض محفوظ قومی جنگل کو یونیسکو کی جانب سے عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کرنے کا خیر مقدم کیا۔ 
کابینہ نے متعدد فیصلے کیے۔ فن لینڈ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کے لیے مذاکرات کا اختیار وزیر توانائی، دفاع کے شعبے میں کرغیزستان کے ساتھ  معاہدے کے لیے بات چیت کا اختیار وزیر دفاع، ثقافت کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کے لیے بات چیت کا اختیار وزیر ثقافت کو تفویض کیا۔
 زراعت کے شعبے میں الجزائر کے ساتھ  مفاہمتی یادداشت پر بات چیت کا  اختیار وزیر ماحولیات و پانی و زراعت ، اقتصادی شعبے میں تعاون کے لیے انڈونیشیا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر مذاکرات کا اختیار وزیر اقتصاد و منصوبہ  بندی،  تجارتی تعلقات کے فروغ کے سلسلے میں کمبوڈیا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر تجارت کودیا گیا۔
 صارفین کے تحفظ کے سلسلے میں عملی پروگرام ، سمندری پانی کو استعمال کے قابل  بنانے، پرندوں کے تحفظ اور ڈیجیٹل گورنمنٹ کے شعبوں میں قطر کے ساتھ  تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر مذاکرات کا اختیار اور برآمدات کے فروغ کے سلسلے میں اردن کے ساتھ  تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بات چیت کا اختیار وزیر صنعت و معدنیات کو تفویض کیا گیا۔ 
کابینہ نے سعودی الجزائری اعلی رابطہ  کونسل کے قیام کے معاہدے، ریلوے منصوبے سے متعلق کویت کے ساتھ معاہدے اور جدہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے انتظامی ضوابط کی بھی منظوری دی۔ 

شیئر: