ولی عہد کے دورہ انڈیا اور جی 20 کانفرنس میں شرکت کے مثبت نتائج: سعودی کابینہ
جی 20 سربراہی اجلاس میں ولی عہد کی شرکت کے نتائج کو بھی سراہ گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی کابینہ نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے انڈیا کے سرکاری دورے، انڈین صدر دروپدی مرمو سے ملاقات اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ مذاکرات کے مثبت نتائج کو سراہا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس منگل کو نیوم میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا ہے۔
کابینہ نے سعودی، انڈین اسٹریٹجک پارٹنر شپ کونسل کے پہلے اجلاس، مفاہمت کی متعدد یادداشتوں اور پروگراموں پر دستخط پر اطمینان کا اظہار کیا جو دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے میں معاون ہیں۔
اجلاس نے جی 20 سربراہی اجلاس میں سعودی ولی عہد کی شرکت کے نتائج کو سراہتے ہوئے کہا کہ’ اس سے مملکت کے بین الاقوامی مقام، اس کے سیاسی و اقتصادی اثر و نفوذ، عالمی معیشت اور توانائی کے استحکام کو یقینی بنانے میں اس کےقائدانہ کردار کی عکاسی ہوتی ہے۔
کابینہ نے امید ظاہر کی کہ ’جی 20 کی قراردادیں گروپ کے رکن ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ اور بین الاقوامی معیشت کی شرح نمو بہتر بنانے میں معاون ہوں گی‘۔
انڈیا، مشرق وسطی اور یورپی ممالک کو جوڑنے والی نئی اقتصادی راہداری کے قیام میں سعودی عرب کے کردار پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کے بعد بتایا نئی اقتصادی راہداری منصوبے میں سعودی عرب کا سٹراٹیجک محل وقوع اور اس کا بین الاقوامی قائدانہ کردار ہے۔ سعودی عرب پر توانائی کی فراہمی کے حوالے سے اعتبار کیا جارہا ہے۔ سعودی عرب نئی اقتصادی راہداری کے منصوبے کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
کابینہ کو برکینا فاسو اور جمہوریہ کورٹ ڈیوار کے سربراہوں کے نام شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے پیغامات اور روسی صدر ولادیمیر پوتن اور یوکرینی صدر کے ساتھ سعودی ولی عہد کے ٹیلیفونک رابطوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں بین براعظمی گرین بیلٹ کے قیام کے حوالے سے امریکہ کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کو سراہا اور کہا کہ اس سے تجدد پذیر توانائی اور ماحول دوست ہائیڈروجن کی ترسیل میں آسانی ہوگی۔ علاوہ ازیں ریلوے لائن کے قیام میں بھی سہولت پیدا ہوگی۔
جاپان کے وزیرخارجہ کے ساتھ سٹراٹیجک مکالمے کے پہلے اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں مراکش کے فرمانروا سے سعودی ولی عہد کے ٹیلیفونک رابطے اور زلزلے کے بعد مراکش کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کو سعودی عرب کی غیر متزلزل پالیسی کا حصہ قرار دیا ا ور کہا کہ سعودی عرب آزمائش کی اس گھڑی میں مراکشی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
کابینہ نے آذربائیجان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون،ازبکستان کے ساتھ سیاحتی شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت، شکاگو یونیورسٹی کے ساتھ ریسرچ میں تعاون اور شراکت کے معاہدے کی منظوری دی۔
جنرل اتھارٹی برائے میڈیا ریگولیشن کے ضابطے کی بھی منظوری دی گئی۔