Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لکس سٹائل ایوارڈ کا میلہ، کس کس نے ایوارڈ اپنے نام کیا؟

اداکارہ یمنیٰ زیدی نے ڈرامہ سیریل بختاور میں منفرد اداکاری پر ایوارڈ اپنے نام کر لیا (فوٹو: سوشل میڈیا)
جس طرح ہالی ووڈ میں آسکر، گریمی ایوارڈز اور بالی وڈ میں آئیفا اور فلم فیئر ایوارڈز کو اہمیت حاصل ہے اسی طرح پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں لکس سٹائل بڑے ایوارڈ شوز میں سے ایک مانا جاتا ہے۔ خواہ شوبز شائقین ہوں یا شوبز ستارے سب کو اس تقریب کا انتظار رہتا ہے۔
تاہم ماضی کی طرح اس سال بھی جب لکس سٹائل ایوارڈ کی نامزدگیوں کا اعلان ہوا تو کچھ اعتراضات سامنے آئے لیکن اس بار ناقدین نے ہاتھ تھوڑا ہلکا ہی رکھا تھا کیونکہ اگر ماضی میں جائیں تو ایسا بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ لکس ایوارڈز شو کے بائیکاٹ تک کا مطالبہ کیا گیا۔
لکس سٹائل ایوارڈ کی اس سال سجنے والی تقریب میں جہاں کئی نئے چہروں نے انٹری دی تو وہیں ماہرہ خان، مہوش حیات اور فواد خان جیسے انڈسٹری کے معروف نام غیر حاضر بھی دکھائی دیے۔
اس موقع پر ہدایتکار ندیم بیگ نے اُردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ایوارڈز سے کسی بھی آرٹسٹ کی حوصلہ افزائی ضرور ہوتی ہے لیکن آرٹسٹ کا کام ایوارڈ سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سینما سکرین کی کمی ہے، اگر سکرینز زیادہ ہوں گی تو فلموں کو زیادہ موقع ملے گا جو ہماری انڈسٹری کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
اب اگر ایوارڈز کی بات کی جائے تو صبا قمر نے بہترین فلم اداکارہ اور فیروز خان نے بہترین فلم اداکار کا ایوارڈ حاصل کیا جبکہ اداکارہ ریما کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
دوسری جانب جہاں بہترین ڈرامے کا ایوارڈ ڈرامہ صنف آہن کو دیا گیا وہیں بہترین گلوکار کا ایوارڈ کیفی خلیل لے اڑے۔
اداکار بلال عباس نے بہترین ٹی وی اداکار میں کریٹکس ایوارڈ حاصل کیا تو اداکارہ یمنیٰ زیدی نے اپنے ڈرامہ سیریل بختاور میں منفرد اداکاری پر ایوارڈز کا میلہ اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے ایک بار پھر بہترین ٹی وی اداکارہ کے ویورز چوائس اور کریٹکس چوائس کے دونوں ایوارڈز اپنے نام کر کے تاریخ رقم کر دی۔
گزشتہ برس بھی ہونے والے لکس سٹائل ایوارڈز میں اداکارہ یمنیٰ زیدی 2 ایوارڈز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں۔

ماہرہ خان کی شادی اور اور حمائمہ ملک کی خواہش 

پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے ہر ایوارڈ شو کی زینت سمجھی جانے والی ماہرہ خان اس بار لکس ایوارڈ شو میں نظر نہیں آئیں، شاید غیر حاضری کی اہم وجہ ان کی شادی ہے۔
رواں ہفتے ماہرہ خان اپنے دیرینہ دوست سے شادی کرنے کے بعد خبروں کی زینت بنی رہیں۔ تاہم خاموشی سے شادی کے بندھن میں بندھنے والی ماہرہ نے اپنی شادی میں بالی ووڈ اداکاروں کی شادی سے مماثلت رکھتا انداز اپنایا.
ان کی نئی زندگی کے آغاز پر پاکستانی فنکاروں کے ساتھ ساتھ بالی وڈ سیلبریٹیز نے بھی مبارکباد دی۔
جہاں ماہرہ خان کی زندگی میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا وہیں اداکارہ حمائمہ ملک نے بھی دوسری شادی کی خواش کا اظہار کیا۔
ایک پروگرام میں حمائمہ ملک سے سوال کیا گیا کہ وہ دوبارہ کب شادی کریں گی تو اداکارہ کا کہنا تھا کہ دعا کریں دوبارہ جب اس پروگرام میں آؤں تو اکیلی نہ آؤں۔

گلوکار آےئمہ بیگ نے کس طرح ڈپریشن پر قابو پایا؟

ڈپریشن ایک ایسی بیماری ہے جو دنیا بھر کے لوگوں میں تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے۔ بلکہ دیکھا جائے تو موجودہ دور میں عام انسان سے زیادہ اس کا ذکر گلیمر کی دنیا میں زندگی گزارنے والے شوبز شخصیات کرتے نظر آتے ہیں۔
حال ہی میں حمائمہ ملک نے بتایا کہ انہوں نے ڈپریشن سے کس طرح قابو پایا وہیں گلوکارہ آئمہ بیگ نے بھی اپنے ڈپریشن سے متعلق خاموشی توڑی۔

شوبز کی دنیا میں ماہرہ خان کی شادی کا سب سے زیادہ چرچا رہا۔ فوٹو: ماہرہ خان انسٹا

آئمہ بیگ نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ جب ان کی منگنی ٹوٹی اور ذاتی نوعیت کے الزامات لگائے گئے تب وہ اور ان کا پورا خاندان صدمے میں چلا گیا اور اسی عرصے کے دوران خود پر ہونے والی تنقید اور الزامات کی وجہ سے وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہوئیں۔ یہاں تک کہ انہوں نے خودکشی کرنے کی بھی کوشش کی۔

ڈرامہ ’حادثہ‘ کی آخری قسط

پاکستانی ڈراموں پر تنقید کی بات کریں تو حال ہی ڈرامہ حادثہ پر سب سے زیادہ تنقید دیکھنے میں آئی۔ موٹر وے پر ایک خاتون سے زیادتی کے واقعے پر مبنی ڈرامے پر اس قدر تنقید کے نشتر چلائے گئے کہ پیمرا کو بھی میدان میں آنا پڑا اور ڈرامے کی نشریات کوروک دیا گیا۔ لیکن چند دنوں بعد ہی ڈرامے کو دوبارہ نشر کرنے کی مشروط اجازت دے دی گئی تھی۔
تاہم رواں ہفتے ڈرامے کی آخری قسط نشر کی گئی تو دیکھنے والوں نے سکون کا سانس لیا کیونکہ کہانی میں ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کو انصاف ملتا دکھایا گیا۔
اچھے اداکار کی خاصیت یہ ہوتی ہے کہ وہ خود پر ہونے والی تنقید کی اچھی چیزیں اپنا کر خود کو مزید بہتر بناتا ہے، ایسا ہی کچھ پاکستان کی سینیئر اداکارہ ثانیہ سعید کا ماننا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں تنقید پر گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ ثانیہ سعید کا کہنا تھا کہ اداکاری اور تنقید ساتھ ساتھ چلتے ہیں اور جو اداکار تنقید کے لیے ذہنی طور پر تیار نہیں رہتا، دراصل وہ کبھی اچھا اداکار ہی نہیں بن پاتا۔

سجل علی اور وہاج علی کی ویب سیریز ’دی پنک شرٹ‘

حال ہی میں پاکستانی انڈسٹری میں دھوم مچانے والی شخصیات کا ذکر کریں تو اداکارہ سجل علی، وہاج علی اور احمد علی اکبر کا نام ضرور یاد آئے گا۔ سجل علی نے جہاں ڈرامہ صنف آہن، کچھ ان کہی اور جمائمہ گولڈ سمتھ کی فلم میں اپنے کام سے شائقین کا دل جیتا وہیں وہاج علی کا ڈرامہ تیرے بن شہرت کی بلندیوں پر پہنچا۔
ایسے میں احمد علی اکبر کو نظر انداز کرنا مناسب نہ ہوگا جنہوں نے فلم لال کبوتر اور ڈرامہ پری زاد میں اپنی اداکاری کے کمال جوہر دکھائے۔
رواں ہفتے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سجل علی اور وہاج علی کی ویب سیریز ’دی پنک شرٹ‘ کا پریمیئر ساؤتھ ویسٹ فلم فیسٹیول سڈنی میں دکھایا جائے گا۔

ثانیہ سعید کا کہنا ہے کہ اداکاروں کو تنقید کے لیے ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیے۔ فوٹو: ثانیہ سعید انسٹا

انڈین سٹریمنگ ویب سائٹ کے لیے بنائی جانے والی اس سیریز میں وہاج علی اور سجل علی، عمر اور صوفیہ کے کردار میں نظر آئیں گے۔
احمد علی اکبر بھی کسی سے پیچھے نہ رہے کیونکہ اسی دوران ان کی نئی فلم گنجل کا ٹیزر بھی سامنے آیا ہے جس میں وہ صحافی شہباز بھٹی کا کردار ادا کریں گے۔ یہ فلم 8 دسمبر 2023 کو ریلیز ہوگی۔

شیئر: