Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ژوب میں آپریشن: 5 دہشت گرد ہلاک، فوج کا میجر اور حوالدار بھی جان سے گئے

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ (فوٹو: وزیراعظم آفس)
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے ژوب میں سکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاع پر آپریشن میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کو گھیرے میں لیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔
’دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے میجر سید علی رضا اور حوالدار نثار احمد بھی شہید ہو گئے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہیں اور وہ ان کی مادر وطن کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان کی قربانیوں سے ملک سے دہشت گردی کے لعنت کو ختم کرنے کے لیے ہمارا عزم مزید پختہ ہوتا ہے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دریں اثنا نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے ژوب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران میجر علی رضا اور حوالدار نثار احمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم شہدا کی قربانیوں کی مقروض ہے ۔
پیر کو جاری ایک  بیان میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ ’ہم شہدا کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔  میجر علی رضا اور حوالدار نثار احمد نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔‘
انہوں نےکہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

شیئر: