ورلڈ کپ کی کوریج: انڈیا کی جانب سے پاکستانی صحافیوں کو ویزے جاری کرنے کا عمل شروع
منگل 10 اکتوبر 2023 17:04
روحان احمد، اردو نیوز، اسلام آباد
انڈین ہائی کمیشن نے ویزوں کے اجرا کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد میں انڈین ہائی کمشن نے انڈیا میں جاری ورلڈ کپ کی کوریج کرنے کے خواہشمند پاکستانی صحافیوں کو ویزا جاری کرنے کے عمل کی شروعات کردی ہے۔
منگل کو انڈین ہائی کمیشن کے ایک ذریعے نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’آج صبح سے جن صحافیوں کو ویزا جاری کیا جا سکتا ہے اُن کے ناموں کو حتمی شکل دینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔‘
’ابھی صرف اُن صحافیوں کی فہرست مرتب کی جا رہی ہے جنہوں نے ویزا کے لیے درخواست دی ہے۔‘
گذشتہ کئی دنوں سے پاکستان صحافیوں اور شائقین کرکٹ کو ویزے جاری نہ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان کے دفتر خارجہ کے جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔
پیر کو پی سی بی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ’پی سی بی یہ دیکھ کر انتہائی مایوس ہے کہ پاکستانی صحافی اور شائقین ورلڈ کپ کے لیے انڈین ویزا حاصل کرنے کے معاملے میں اب بھی غیر یقینی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔‘
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انڈین کرکٹ بورڈ تقریباً 60 پاکستانی صحافیوں کو ویزا جاری کروانے کے لیے کوشش کر رہا ہے۔
پاکستان میں سپورٹس کی کوریج کرنے والے دو صحافیوں نے اردو نیوز کو تصدیق کی ہے کہ انہیں انڈین ہائی کمیشن کی جانب سے پاسپورٹ جمع کروانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
انڈین ہائی کمیشن نے ویزوں کے اجرا کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔