Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا ورلڈ کپ کے لیے پاکستانیوں کو فوری ویزا جاری کرے: پاکستان

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ’ہم ماضی میں بھی کہہ چکے ہیں کہ کھیلوں کو سیاست کے ساتھ نہ جوڑا جائے‘ (فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان)
پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ ’کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو ویزا جاری کرنے کے معاملے پر انڈین حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔‘
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ایک سوال پر انڈیا کی جانب سے پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو ویزا جاری نہ کرنے کے حوالے سے صورت حال کی وضاحت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم توقع کرتے ہیں کہ انڈین حکام انڈیا میں ورلڈ کپ دیکھنے کے خواہش مند پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو فوری ویزا جاری کریں گے۔‘
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق ’ہم ماضی میں بھی کئی مواقع پر یہ کہہ چکے ہیں کہ کھیلوں کو سیاست کے ساتھ نہ جوڑا جائے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں امید ہے کہ انڈیا ورلڈ کپ کا میزبان ہونے کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا اور پاکستانی شائقین اور صحافیوں کے ویزوں کے اجرا میں رکاوٹیں نہیں ڈالے گا۔‘
واضح رہے کہ انڈیا میں کرکٹ ورلڈ 2023 کا جمعرات کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے میچ سے آغاز ہو چکا ہے تاہم ابھی تک انڈیا نے پاکستانی شائقین اور صحافیوں کو ویزا جاری نہیں کیا۔
پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ جمعہ کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی جبکہ سری لنکا کے خلاف اس کا میچ 10 اکتوبر کو ہوگا۔
پاکستان روایتی حریف اور ورلڈ کپ کے میزبان انڈیا سے سنیچر 14 اکتوبر کا نریندر مودی سٹیڈیم احمدآباد میں مقابلہ کرے گا۔

شیئر: