استوائی گنی نے ایکسپو 2030 اور فٹبال ورلڈ کپ 2034 کے لیے سعودی عرب کی حمایت کردی
استوائی گنی نے ایکسپو 2030 اور فٹبال ورلڈ کپ 2034 کے لیے سعودی عرب کی حمایت کردی
بدھ 11 اکتوبر 2023 20:38
سعودی وزیر عادل الجبیر نے استوائی گنی کے صدر سے ملاقات کی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
استوائی گنی نے ایکسپو 2030 اور فٹبال ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی سے متعلق سعودی عرب کی درخواست کی حمایت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق استوائی گنی کے صدر سے بدھ کو سعودی وزیرمملکت برائے امور خارجہ و رکن کابینہ عادل الجبیر نے ملاقات کی۔
عادل الجبیر نے استوائی گنی کے صدر کو سعودی قیادت کی جانب سے خیر سگالی اور گنی کی حکومت و عوام کی مزید ترقی و خوشحالی کے حوالے سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
گنی کے صدر نے سعودی قیادت اور سعودی عوام و حکومت کے لیے خیر سگالی کا جوابی پیغام عادل الجبیر کے حوالے کیا۔
اس موقع پر استوائی گنی کے صدر اور سعودی وفد نے دوطرفہ تعلقات اور انہیں عروج کی نئی منزلوں تک لے جانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
استوائی گنی کے صدر نے سال رواں کے دوران سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی پہلی سعودی افریقی سربراہ کانفرنس کا خیر مقدم کیا۔
عادل الجبیر نے ریاض میں ایکسپو 2030 کی میزبانی اور فٹبال ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی سے متعلق سعودی عرب کی درخواست کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں عادل الجبیر نے استوائی گنی کے وزیر خارجہ سے ملاقات کرکے باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔