Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایکسپو 2030 کی میزبانی، جمہوریہ ملاوی نے سعودی عرب کی حمایت کردی

احمد قطان نے ملاوی کے صدر کو شاہ سلمان کا زبانی پیغام دیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے مشیر ایوان شاہی احمد قطان نے منگل کو جمہوریہ ملاوی کے صدر سے ایوان صدارت میں ملاقات کی ہے۔ 
احمد قطان نے جمہوریہ ملاوی کے صدر کو دونوں ملکوں کے تعلقات اور مشترکہ تعاون کے استحکام کے حوالے سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا زبانی پیغام دیا ہے۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں ملاوی کے صدر نے کہا کہ’ ایکسپو 2030 کی ریاض میں میزبانی سے متعلق سعودی عرب کی درخواست کی مکمل حمایت کرتے ہیں‘۔
انہوں نے سال رواں کے دوران سعودی عرب میں  پہلی سعودی افریقی سربراہ کانفرنس اور پانچویں عرب افریقی سربراہ  کانفرنس کے انعقاد کا بھی خیر مقدم کیا۔ 
اس موقع پر زمبیا میں متعین سعودی عرب کے نائب سفیر یزید الدریویش بھی موجود تھے۔ 
علاوہ ازیں ملاوی کی وزیر خارجہ نے مشیر ایوان شاہی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ملاوی ریاض میں ایکسپو 2030 کی میزبانی سے متعلق سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے‘۔
’جمہوریہ ملاوی اوراس کے صدر پہلی سعودی افریقی سربراہ کانفرنس اور پانچویں عرب افریقی سربراہ کانفرنس کے سعودی عرب میں انعقاد کے حامی ہیں‘۔ 
احمد قطان نے کہا کہ ’جمہوریہ ملاوی کی جانب سے سعودی عرب کی درخواست کی مکمل حمایت کا اعلان دونوں ملکوں کے درمیان مستحکم تعلقات کا عکاس ہے۔ سعودی حکومت اس پر جمہوریہ ملاوی کی شکر گزارہے‘۔

شیئر: