رائل کمیشن فار العلا کی جانب سے فیسٹول میں مارکیٹ کا آغاز کیا گیا ہے( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں العلا کھجور فیسٹیول کے حصے کے طور پر رائل کمیشن فار العلا کی جانب سے مختلف قسم کی سرگرمیوں، مقامی مصنوعات اور دستکاری کی مارکیٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق منشیا میں کسانوں کی مارکیٹ سے ملحق بازار جمعہ اور ہفتہ کو کام کرے گا۔
العلا کھجوروں کی مقامی اور علاقائی مسابقت کو بڑھاتا اور خطے کی اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالتا ہے۔
العلا کی کھجوریں سعودی کھجور فیسٹیول کی ایک اہم خصوصیت ہیں۔ یہ فیسٹیول گورنریٹ کی پائیدار ترقی کے اہداف اور سعودی وژن 2030 کے مطابق مختلف شراکت داروں اور اداروں کے ساتھ تعاون کرتا ہے۔
یہ مارکیٹ 11 نومبر تک چلے گی جبکہ مارکیٹ کی نیلامی 28 اکتوبر تک العزیزیہ ڈسٹرکٹ میں نیلامی کی نئی جگہ پر ہو گی جس میں 150 سے زائد کسان حصہ لے رہے ہیں۔
مارکیٹ کے پرکشش مقامات میں بچوں کا علاقہ، تھیٹر، کیفے اور ریستوراں کے ساتھ ساتھ مقامی خاندانوں کے لیے اقتصادی مواقع پیش کرنے والے متعدد پویلین شامل ہیں۔
یہپویلین کھجور، شہد، پودے، روایتی لباس اور دستکاری جیسی مصنوعات کی نمائش کریں گے۔
سرکاری ادارے اور ایجنسیاں بشمول زرعی ترقیاتی فنڈ اور کھجوروں کا قومی مرکز چوتھے العلا کھجور فیسٹیول میں سرگرم عمل ہیں۔
حالیہ ہفتوں میں فیسٹیول کی نیلامی کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گورنریٹ میں موجود 2.3 ملین کھجور کے درختوں سے تقریباً 90 ہزار ٹن کھجوریں حاصل ہوتی ہیں۔
اس کا مقصد مقامی، علاقائی اور عالمی منڈیوں میں العلا کی کھجوروں کے لیے مسابقت کو بڑھانا اور مملکت کو دنیا کا سرکردہ برآمد کنندہ بنانے کے العلا کے وژن میں تعاون کرنا ہے۔
العلا کھجور فیسٹیول مارکیٹ شام پانچ سے رات گیارہ بجے تک وزیٹرز کا خیرمقدم کرتی ہے جس میں مارکیٹ تک مفت ٹرانسپورٹ فراہم کی جاتی ہے۔