العلا کھجور فیسٹول، یورپی سیاحوں کو کون سی کھجوریں پسند ہیں
فیسٹول کا مقصد عالمی منڈیوں میں العلا کی کھجوروں کو متعارف کرانا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں العلا رائل کمیشن کے زیرانتظام کھجور فیسٹول ایڈیشن فور کی مقبولیت بڑھتی جارہی ہے۔ فیسٹول کا سلوگن ’ہمارا فخریہ ذائقہ‘ ہے۔
فیسٹول کے دوران ہونے والی نیلامی میں غیرملکی سیاح بڑی تعداد میں حصہ لے رہے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق برطانیہ اور جرمنی سے کھجور فیسٹول دیکھنے کے لیے آنے والے سیاحوں کا کہنا ہے کہ یہاں کھجوروں کی نیلامی کا ماحول انہیں پسند آیا۔
انہوں نے العلا میں پیدا ہونے والی انواع و اقسام کی مشہور کھجوریں چکھیں۔ انہیں البرنی اور المبروم کھجوریں پسند آئیں۔
سیاحوں کا کہنا تھا کہ ’کھجوروں کے دیس میں کھجور چکھنے کا یہ پہلا تجربہ تھا جو اچھا رہا‘۔
العلا میں کھجور فیسٹول کا مقصد مختلف ملکی و علاقائی و بین الاقوامی منڈیوں میں العلا کی کھجوروں کی انفرادی حیثیت متعارف کرانا ہے۔
العلا رائل کمیشن ہر ہفتے، جمعے اور سنیچر کو فیسٹول کا اہتمام کررہا ہے، یہ سلسلہ گیارہ نومبر 2023 تک جاری رہے گا۔