Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ کے ہسپتال میں دھماکہ دوسری ٹیم کی جانب سے لگتا ہے، صدر بائیڈن

امریکی صدر جو بائیڈن اسرائیل پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات میں کہا کہ غزہ کے ہسپتال میں ہونے والے دھماکے سے نہیں لگتا کہ یہ اسرائیل نے کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق صدر بائیڈن نے ملاقات میں نیتن یاہو سے کہا کہ ’جو کچھ میں نے دیکھا ہے، اس بنیاد پر یہی لگتا ہے کہ یہ دوسری ٹیم نے کیا ہے آپ نے نہیں۔‘
اس کے ساتھ ہی صدر بائیڈن نے یہ بھی کہا کہ ’بہت سے ایسے لوگ بھی ہیں جنہیں یہ یقین نہیں ہے کہ دھماکہ کس نے کیا۔‘
صدر بائیڈن اسرائیل پہنچے تو وزیر اعظم نیتن یاہو ان کے استقبال کے لیے پہلے ہی ایئرپورٹ پر موجود تھے اور امریکی صدر سے گلے لگ کر ملے جسے دونوں رہنماؤں کے درمیان ایک نئے تعلق کے آغاز کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
صدر بائیدن نے مزید کہا کہ امریکہ، اسرائیل کو وہ ہر چیز مہیا کرے گا جو اسے فلسطینی عسکریت پسند گروہ حماس کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے ضرورت ہے۔
جو بائیڈن نے کہا کہ حماس، داعش سے بھی زیادہ بدتر ہے کیونکہ اس نے اسرائیلی شہریوں پر اچانک حملہ کیا جس سے حالیہ تشدد کی شروعات ہوئی۔
انہوں نے کہا حماس کے حملے میں ایک ہزار 300 سے زائد اسرائیلی ہلاک ہوئے جس میں 31 امریکی شامل تھے۔
اس دورے کے دوران صدر بائیڈن نے عرب ممالک کے سربراہوں سے ملاقات کرنا تھی جو اردن کی جانب سے منسوخ کر دی گئی۔
جو بائیڈن کے مشرق وسطیٰ کے دورے میں اب صرف تل ابیب شامل ہے جہاں وہ ممکنہ طور پر وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ ملاقاتوں میں غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل پر زور دیں گے۔

وزیراعظم نیتن یاہو نے صدر جو بائیڈن کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ فوٹو: اے پی

اس سے قبل وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے صدر کے طیارے ایئر فورس ون میں سوار صحافیوں کو بتایا تھا کہ جو بائیڈن اسرائیلیوں سے گراؤنڈ پر صورتحال کو جاننا چاہتے ہیں اور اس دوران کچھ مشکل سوالات بھی کریں گے۔
جان کربی نے واضح کیا کہ صدر جو بائیڈن بطور ایک دوست ان سے یہ سوالات کریں گے۔
اس دورے کے دوران صدر بائیڈن حملے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین اور یرغمالیوں کے اہل خانہ سے بھی ملیں گے۔
صحت کے حکام کے مطابق تقریباً دو ہزار 800 فلسطینی غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 12 سو افراد مردہ یا زندہ حالت میں ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
یہ تعداد الاہلی ہسپتال میں منگل کو ہونے والے دھماکے سے پہلے کی ہے۔ اب تک دھماکے کی واضح وجہ سامنے نہیں آ سکی۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے اسرائیل نے ہسپتال پر فضائی حملہ کیا تھا جبکہ اسرائیلی ملٹری نے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے فلسطینی اسلامی جہاز کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

شیئر: