ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 149 رنز سے شکست دے دی
نیوزی لینڈ کی چار وکٹیں جلدی گرنے کے بعد گلین فلپس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 71 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ کے 16 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد افغانستان کو 149 رنز سے شکست دے دی ہے۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائےتھے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس نے 71، کپتان ٹام لیتھم نے 68 اور وِل ینگ نے 54 سکور بنائے۔
افغانستان کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے عظمت اللہ عمرزئی، نوین الحق نے دو دو جبکہ راشد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
افغانستان کی بیٹنگ لائن 289 رنز کے ہدف کے تعاقف میں نیوزی لینڈ کے بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور اس کے تمام کھلاڑی 139 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
افغانستان کی جانب سے رحمت شاہ نے 36 اور عظمت اللہ عمرزئی نے 27 رنز بنائے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی بھی افغان بیٹر 20 کے ہندسے میں نہیں پہنچ سکا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور لوکی فرگیوسن نے تین، تین جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
بدھ کو چنئی کے ایم اے چِدم برم سٹیڈیم میں کھیلے جا نے والے اس میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
نیوزی لینڈ نے اس میچ کے لیے پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی تھی جس کے بعد ٹیم میں کپتان کین ولیمسن کی جگہ وِل ینگ کو شامل کیا گیا تھا جبکہ افغان ٹیم نے اس میچ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔
خیال رہے کین ولیمسن اس سے قبل بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں انگوٹھا زخمی کروا بیٹھے تھے جس کے باعث وہ ٹیم سے باہر ہیں اور اُن کی جگہ ٹام لیتھم کپتانی کر رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ کی پلئینگ الیون
ڈیوون کونوے، وِل ینگ، رَچن رویندرا، ڈیرل مِچل، ٹام لیتھم (کپتان، وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مارک چیپ مین، مِچل سینٹنر، میٹ ہینری، لوکی فرگوسن، ٹرینٹ بولٹ۔
افغانستان کی پلئینگ الیون
رحمان اللہ گُرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، حشمت اللہ شہیدی (کپتان)، اکرام علی خِیل (وکٹ کیپر)، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، فضل حق فاروقی، نوین الحق۔