Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کی مسلسل تیسری جیت، بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست

کیوی پیسر ٹرینٹ بولٹ نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 200 وکٹیں بھی پوری کر لی ہیں۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)
انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 11 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
جمعے کو چنئی کے چیپوک سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے 246 رنز کا ہدف 43 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ ڈیرل مچل 89 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کین ولیمسن 78 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 245 رنز بنائے تھے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹر مشفیق الرحیم نے 66، کپتان شکیب الحسن اور محموداللہ نے 40، 40 رنز بنائے۔
کیویز کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے لوکی فرگوسن نے تین جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہینری نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش کے چنئی میں دو شکار کرتے ہوئے کیوی پیسر ٹرینٹ بولٹ نے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 200 وکٹیں بھی پوری کر لی ہیں۔
246 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ تیسرے اوور میں گر گئی اور ان فارم آل راؤنڈر رچن رویندرا نو رنز بنا کر مستفیض الرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ لیکن اس کے بعد بلیک کیپس کے بیٹرز نے عمدہ بیٹنگ کی اور بنگلہ دیش کی بولنگ غیر متاثرکن رہی۔ ڈیون کونوے 45 رنز بنا کر آؤت ہوئے جبکہ کپتان کین ولیمسن 78 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔ ان کی اننگز میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ 
ڈیرل مچل 67 گیندوں پر 89 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں چھ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ گلن فلپس بھی 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی پلئینگ الیون
ڈیوون کونوے، رَچن رویندرا، کین ولیمسن (کپتان)، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مارک چیپ مین، مچل سینٹنر، میٹ ہینری، لوکی فرگوسن، ٹرینٹ بولٹ۔
بنگلہ دیش کی پلئینگ الیون
لٹن داس، تنزید حسن، نجمل حسن شانتو، شکیب الحسن (کپتان)، مہدی حسن میراز، مشفیق الرحیم (وکٹ کیپر)، توحید ہِری دوئے، محموداللہ، تسکین احمد، شوریفُل اسلام، مصتفیض الرحمان۔

شیئر: