Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس کی وبا نے وداد محمد کو ماہر گھڑ سوار بنا دیا

وداد محمد نے 22 مقابلوں میں 17 ایوارڈ حاصل کیے۔ (فوٹو اخبار 24)
کورونا وائرس کی وبا نے سعودی لڑکی وداد محمد کو ماہر گھڑ سوار بنا دیا۔ 
اخبار 24 کے مطابق کورونا وائرس کی وبا نے وداد محمد کے لیے ایسے حالات پیدا کیے کہ ان کا خواب پورا ہو گیا۔
وداد محمد کا کہنا ہے کہ ’2019 کے دوران گھڑ سواری کی ٹریننگ دینے والے کلب کی تلاش شروع کی۔ میں نے گھڑ سواری کی ٹریننگ لی۔ کچھ عرصے بعد تعلیمی مصروفیات کے باعث اپنے اس شوق سے دور ہو گئی۔ پھر ایک وقت وہ آیا جب گھڑ سواری کا شوق جنون میں تبدیل ہو گیا۔ میرے اندر یہ کیفیت بڑھتی چلی گئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جب پوری دنیا کورونا وبا میں مبتلا ہوئی تو میں دو بار اس کا شکار ہوئی۔ دوسری بار کووڈ 19 کا حملہ پہلے سے کہیں زیادہ سخت تھا۔ ڈپریشن میں مبتلا ہوگئی تھی اور میل جول کے حوالے سے مجھے خوف آنے لگا تھا۔ اس وجہ سے میرا دس کلو وزن بھی کم ہو گیا تھا۔‘
وداد محمد نے بتایا کہ ’کورونا کا دور بے حد تکلیف دہ تھا جو میں نے انتہائی ڈپریشن کے عالم میں گزارا۔ مجھے صرف ایک بات اس دوران یاد رہی کہ گھڑ سواری کیسے کروں۔ اسی شوق نے مجھے منفی کیفیت سے آزاد کرایا۔ میری ذہنی حالت بہتر ہوئی اور میں روزانہ کی بنیاد پر گھڑ سواری کرنے لگی۔‘

وداد محمد دو مرتبہ کورونا میں مبتلا ہوئی۔ (فوٹو اخبار 24)

وداد محمد کا کہنا ہے کہ ’اس نے گھڑ سواری کے ذریعے اپنی شخصیت کو بنانے سنوارنے کا کام لیا۔ 8 ماہ تک گھڑ دور میں رکاوٹیں پھلانگنے کی ٹریننگ  لی۔ اب تک میں 22 مقابلوں میں 17 ایوارڈ جیت چکی ہوں۔ آخری مقابلے میں 47  سیکنڈ میں نیا ریکارڈ قائم کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔‘
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 
 

شیئر: