Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز کے اردن میں شامی پناہ گزینوں کے لیے چھ منصوبے

پناہ گزینوں کو غذا، صحت اور رہائش کے حوالے سے سہولتیں فراہم کی جائیں گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی  خدمات کے سربراہ  ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے اردن میں مقامی ضرورت مندوں اور شامی پناہ  گزینوں کے لیے چھ منصوبوں کا افتتاح کیا ہے۔
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق نئے منصوبوں سے شامی پناہ گزینوں اور اردنی باشندوں کو غذا، صحت اور رہائش کے حوالے سے سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
 اردن میں متعین سعودی سفیر نایف السدیری، اردنی فلاحی ادارے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حسین الشبلی، الحسین کینسر سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر رجاعی المعشر، اقوام متحدہ، علاقائی، ملکی و بین  الاقوامی تنظیموں کے نمائندے اور سفارتکار بھی موجود تھے۔ 
ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ شامی پناہ گزینوں کے حوالے سے سب مل جل کر انتہائی ذمہ داری سے کام کررہے ہیں۔
انہوں نے شامی پناہ گزینوں کی میزبانی پر اردن اور اس کے اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ 
شاہ سلمان مرکز کے سربراہ کا کہنا تھا’سعودی عرب شام میں انسانی بحران کے بعد سے شامی بھائیوں کی میزبانی بھی کررہا ہے۔ انہیں مفت صحت خدمات فراہم کررہا ہے۔روزگار کے مواقع مہیا کیے جارہے ہیں‘۔
’شامی پناہ گزینوں کے بچوں کو تعلیم کی سہولت دی جارہی ہے۔ پڑوسی ملکوں خصوصا لبنان، ترکیہ، اردن، یونان اورملائشیا میں شامی پناہ گزینوں کے لیے امدادی پروگرام کیے جارہے ہیں‘۔

’شاہ سلمان مرکز نے 94 ممالک میں 6.4 ارب ڈالر لاگت کے 2587 منصوبے نافذ کیے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

انہوں نے بتایا کہ ’سعودی عرب اب تک 167 ممالک میں ضرورت مندوں کی مدد کے لیے 123.2 ارب ڈالر خرچ کرچکا ہے۔ شاہ سلمان مرکز نے یہ کام انتہائی غیرجانبداری سے کیا ہے‘۔ 
’شاہ سلمان مرکز نے 94 ممالک میں 6.4 ارب ڈالر لاگت کے 2587 منصوبے نافذ کیے ہیں۔ یہ کام 175 علاقائی و بین الاقوامی اور اقوام متحدہ  کی تنظیموں کی مدد سے کیا گیا‘۔ 
انہوں نے مزید کہا’ آج  19.478038 ڈالر کی لاگت سے شامی پناہ گزینوں کے لیے اردن میں نئے منصوبوں کا آغاز اور ان پرعمل درآمد کے معاہدے کیے گئے ہیں‘۔ 

شیئر: