Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب عالمی سیاحتی تنظیم کی ایگزیکٹیو کونسل کا دوبارہ سربراہ منتخب  

 2025 میں تنظیم کی جنرل اسمبلی کا 26 ویں سیشن سعودی عرب میں ہو گا۔ ( فوٹو: الاخبار 24)
سعودی عرب کو اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم کی ایگزیکٹیو کونسل کا دوبارہ سربراہ برائے 2024 منتخب کر لیا گیا۔
یہ فیصلہ جمعے کو سمرقند میں اقوام متحدہ کے ماتحت عالمی سیاحتی تنظیم کی ایگزیکٹیو کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔ 
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ ’سعودی عرب نے 2023 کے دوران عالمی سیاحتی تنظیم کی مجلس عاملہ کی سربراہی کی۔ اس دوران مجلس عاملہ نے شراکت، انفرادیت اور ترقی پر مشتمل بہترین اقدامات کیے۔‘
سعودی عرب نے تنظیم کے تمام رکن ملکوں کے درمیان تعاون اور مشترکہ تصور کے حوالے سے کامیابی حاصل کی۔ 
سعودی وزیر سیاحت کا کہنا تھا کہ ’عالمی سیاحتی تنظیم کی ایگزیکٹیو کونسل کے تمام ارکان نے سیاحت کے لیے مل کر کام کیا۔‘
’اب ہم 2024 میں قائدانہ کردار جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ کوشش کریں گے کہ رکن ملکوں کی امیدیں اورخواہشات پوری کریں۔‘
احمد الخطیب نے کہا کہ ’سعودی قیادت نہ صرف اندرون ملک فروغ سیاحت کے لیے مدد دے رہی ہے بلکہ  پائیدار ترقی کے فروغ  میں معاون اہم بین الاقوامی اقدامات کی بھی حمایت کر رہی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب 2025 کے دوران عالمی سیاحتی تنظیم کی جنرل اسمبلی کے 26 ویں سیشن کے اجلاسوں کی میزبانی  کرے گا۔‘

شیئر: