جنوبی افریقہ کی انگلینڈ اور سری لنکا کی نیدرلینڈز کو شکست
جنوبی افریقہ کی انگلینڈ اور سری لنکا کی نیدرلینڈز کو شکست
ہفتہ 21 اکتوبر 2023 19:06
ہینرک کلاسن کو 67 گیندوں پر 109 رنز بنانے پر ’پلیئر آف دا میچ‘ قرار دیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں جاری ورلڈ کپ کے 20 ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو 229 رنز سے شکست دے دی ہے۔
سنیچر کو ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو مقررہ 50 اوورز میں 400 رنز کا ہدف دیا تھا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ہینرک کلاسن نے 67 گیندوں پر 109، ریضا ہینڈرکس نے 75 گیندوں پر 85 اور مارکو جینسن نے 42 گیندوں پر 75 رنز بنا کر 399 رنز جیسا بڑا ہدف سیٹ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے ریس ٹاپلی نے تین، گس اٹکنسن اور عادل رشید نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کی ٹیم 400 رنز کے پہاڑ جیسے ٹوٹل کے تعاقب میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ فاسٹ بولرز مارک وُڈ اور گس اٹکنسن کے علاوہ کوئی بھی انگلش بیٹر 20 کے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکا۔
مارک وُڈ نے 17 گیندوں پر 43 اور گس اٹکنسن نے 21 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم صرف 22 اوورز میں 170 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔
ہینرک کلاسن کو 67 گیندوں پر 109 رنز بنانے پر ’پلیئر آف دا میچ‘ قرار دیا گیا۔
ورلڈ کپ میں سنیچر کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں سری لنکا نے نیدرلینڈز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔
لکھنؤ میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو 263 رنز کا ہدف دیا تھا۔
نیدرلینڈز کی جانب سے کپتان سکاٹ ایڈورڈز نے 70 اور لوگن وین بیک نے 59 رنز بنائے اور ٹاپ سکورر رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشانکا اور کاسُن راجتھا نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔
نیدرلینڈز کی جانب سے دیا گیا ہدف سری لنکا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ سدیر سماراوکرما نے 91 اور پتھم نسانکا نے 54 رنز بنا کر سری لنکا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
نیدرلینڈز کی جانب سے آرین دت نے تین جبکہ پال وین میکیرن اور کولن ایکرمن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سماراوکرما 91 رنز کی اننگز کھیلنے پر ’پلیئر آف دا میچ‘ قرار پائے۔