Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون کرکٹر ملتان سلطانز کی بولنگ کوچ مقرر

کیتھرین ڈالٹن ای سی بی سے لیول تھری کی سرٹیفائیڈ کوچ ہیں۔ (فوٹو: کیتھرین ڈالٹن انسٹاگرام)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز نے  پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون کرکٹر کو فاسٹ بولنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
ملتان سلطانز نے برطانوی نژاد آئرش کرکٹر کیتھرین ڈالٹن کو اگلے برس کے پی ایس ایل سیزن کے لیے اپنی ٹیم کا فاسٹ بولنگ کوچ مقرر کیا ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق کیتھرین ڈالٹن پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی خاتون کوچ ہوں گی۔
30 برس کی کیتھرین ڈالٹن کی پیدائش برطانیہ میں ہوئی جس کے بعد انہوں نے 2015 میں آئرلینڈ کی شہریت حاصل کی جہاں انہوں نے آئرش ویمن ٹیم کی چار ون ڈے اور چار ٹی20 میچوں میں نمائندگی کی۔
وہ اس سے قبل دو مرتبہ پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں جہاں انہوں نے پی ایس ایل کے فاسٹ بولرز محمد الیاس، ثمین گُل اور ارشد اقبال سمیت کئی انڈر 19 کرکٹرز کو تربیت دی۔
کیتھرین ڈالٹن ای سی بی سے لیول تھری کی سرٹیفائیڈ کوچ ہیں اور وہ اس سے قبل برطانیہ کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور انڈیا کی الٹی میٹ پیس فاؤںڈیشن میں بطور کوچ کام کر چکی ہیں۔
 
ملتان سلطانز کی کوچ بننے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’میں پچھلے دو مرتبہ کے دوروں میں ملتان سلطانز کے کچھ کھلاڑیوں کے ساتھ کام کر چکی ہوں۔ میں اب آفیشل طور پر فرنچائز کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اس بارے میں بہت خوش ںصیب ہوں کہ میں مردوں کی ٹی20 فرنچائز کے لیے بطور خاتون فاسٹ بولنگ کوچ بننے کے لیے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوئی ہوں۔‘
خیال رہے اس سے قبل ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حجاب زاہد نامی خاتون کو اپنی ٹیم کا جنرل مینیجر تعینات کیا تھا۔
حجاب زاہد پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بھی فرنچائز کی کم عمر ترین جنرل مینیجر ہوں گی۔

شیئر: