Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوشل میڈیا سٹار کے گھر کی تصویر شیئر کرنے پر یوٹیوبر کا اکاؤنٹ معطل

جیکس فلمز کا اصلی نام جون پیٹرک ڈگلس ہے اور اُن کے یوٹیوب پر 50 لاکھ کے قریب سبسکرائبرز ہیں۔ (فوٹو: جیکس فلمز انسٹاگرام)
معروف ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے 3 کروڑ 40 لاکھ (34 ملین) سبسکرائبر رکھنے والی یوٹیوبر کا اکاؤںٹ معطل (ڈی مونیٹائز) کر دیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق مشہور خاتون یوٹیوبر ایس ایس سنائپر وُولف جن کا اصلی نام عالیہ شیلش ہے، اُن کے یوٹیوب پر 3 کروڑ 40 لاکھ سبسکرائبر ہیں۔
ایس ایس سنائپر وُولف اپنے یوٹیوب چینل پر ویلوگز اور ری ایکشن ویڈیوز بناتی ہیں تاہم انہیں بڑا جھٹکا تب لگا جب جیکس فلمز نامی سوشل میڈیا سٹار نے اُن پر اُن کی ذاتی معلومات کو انسٹاگرام پر افشا کرنے اور ہراساں (سائبر بُلی) کرنے کا الزام لگایا جس پر یوٹیوب نے ایس ایس سنائپر وُولف کا اکاؤںٹ معطل کر دیا۔
جیکس فلمز کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ ایس ایس سنائپر وُولف نے اُن کے گھر کی تصویر انسٹاگرام سٹوری پر لگائی ہے۔ اس تنازعے کے بعد یوٹیوب نے ایس ایس سنائپر وُولف کے چینل کو عارضی طور پر ڈی مونیٹائز کر دیا ہے۔
جیکس فلمز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر یوٹیوب سے شکایت کی کہ ایس ایس سنائپر وُولف نے اُن کے گھر کے باہر کی تصویر اپنی انسٹاگرام سٹوری پر لگائی۔
انہوں نے یوٹیوب سے مطالبہ کیا کہ اس ’خطرناک کریئٹر‘ کا اکاؤںٹ ڈی مونیٹائز کیا جائے یا اِسے پلیٹ فارم سے نکال دیا جائے۔
 
اس کے بعد یوٹیوب نے اپنی ٹویٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایس ایس سنائپر وُولف کا اکاؤںٹ ڈی مونیٹائز کر دیا گیا ہے۔
اس ساری صورتحال کے بعد عالیہ شیلش یعنی سناپئر وُولف نے جیکس فلمز سے معافی مانگ لی ہے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں اپنی حالیہ حرکات پر معذرت خواہ ہوں۔ میں جیکس فلمز، یوٹیوب، تمام کریئٹر کمیونٹی سے معافی مانگتی ہوں۔‘
 
وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’جیکس فلمز، ہمارے درمیان ویسے تو کئی اختلافات ہیں لیکن میں اِس بات پر معذرت خواہ ہوں کہ مجھے ایسے نہیں کرنا چاہیے تھا۔‘
خیال رہے جیکس فلمز کا اصلی نام جون پیٹرک ڈگلس ہے اور اُن کے یوٹیوب پر 50 لاکھ کے قریب سبسکرائبرز ہیں۔ 
 

شیئر: