Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عام انتخابات 2024: معاونت کے لیے الیکشن کمیشن 10 لاکھ افراد کی خدمات لے گا

کمیشن نے پریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ عملے کی فہرست مرتب کر لی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ممکنہ طور پر جنوری کے آخر میں پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کی تیاریوں اور ان انتخابات میں ضروری معاونت کے لیے الیکشن کمیشن کا تقریباً 10 لاکھ افراد کی خدمات  حاصل کرنے کا ارادہ ہے۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لیکشن کمشن کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق پولنگ عملے کے تقریبا سات لاکھ ارکان ہوں گے، اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت یہ تعداد تقریباً 900,000 سے 10 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتخابی شیڈول کے اعلان ہونے کے بعد حتمی تعداد کی تصدیق ہو جائے گی۔
کمیشن نے پریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ عملے کی فہرست مرتب کر لی ہے۔
ملک بھر میں کل 10,7361 افسران کو تعینات کیا جائے گا۔
پنجاب میں تقریباً 54,706 پریذائیڈنگ افسران، 310,968 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 160,445 پولنگ سٹاف کو الیکشن ڈیوٹیاں سونپی جائیں گی۔
صوبے میں مجموعی طور پر 526,123 افسران کو تعینات کیا جائے گا۔
سندھ میں 20,315 پریذائیڈنگ افسران، 162,523 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 81,262 پولنگ عملہ تعینات کیا جائے گا جس سے صوبے میں افسران کی کل تعداد 264,100 ہو جائے گی۔
خیبرپختونخوا میں 16,525 پریذائیڈنگ افسران، 100,085 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 50,045 پولنگ عملہ تعینات کیا جائے گا،جس سے مجموعی طور پر 166,655 افسران ہوں گے۔
بلوچستان میں مجموعی طور پر 50,491 افسران کو نامزد کیا جائے گا، جن میں 5,266 پریذائیڈنگ افسران، 30,150 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 15,075 پولنگ عملہ شامل ہیں۔
انتخابات کب ہوں گے؟
گولہ الیکشن کی حتمی تاریخ کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن پھچلے مہینے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا تھا کہ عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرائے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو جبکہ ابتدائی حلقہ بندیوں کی تجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر 2023 کو جاری کی جائے گی۔
اس عمل کے 54 روز کے اندر یعنی جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں پاکستان میں عام انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔
اس سے قبل یکم ستمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیوں کی حتمی تاریخ 30 نومبر 2023 ہے اور اسی تاریخ کو سامنے رکھتے ہوئے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

شیئر: