انڈیا میں جاری ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی ٹیم کے کھلاڑی نیدرلینڈز کے خلاف میچ بازو پر سیاہ پٹیاں باندھ کر کھیل رہے ہیں جس کا مقصد پاکستانی نژاد سابق آسٹریلوی سپنر فواد احمد سے ان کے بیٹے کی موت پر یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔
واضح رہے پیر کو پاکستانی نژاد سابق آسٹریلوی لیگ سپنر فواد احمد نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اپنے شیرخوار بیٹے کی موت کی خبر شیئر کی تھی۔
انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’بدقسمتی سے ایک لمبی جدوجہد کے بعد میرا بیٹا ایک تکلیف دہ اور سخت جنگ ہار گیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ اب آپ ایک بہتر جگہ ہیں اور ہم آپ کو بہت یاد کریں گے۔‘
انہوں نے صارفین سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ ’امید کرتا ہوں کہ کوئی بھی اس درد سے نہ گزرے۔‘
بدھ کو جب آسٹریلیا کے کھلاڑی نیدرلینڈز کے خلاف دہلی میں اپنا میچ کھیلنے اُترے تو ان کے بازؤں پر سیاہ پٹیاں بندھی ہوئیں تھیں۔
The Australian squad are wearing black armbands in respect of Fawad Ahmed and his family following their loss this week #CWC23
— cricket.com.au (@cricketcomau) October 25, 2023
کرکٹ پر رپورٹنگ کرنے والی آسٹریلین ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلین کھلاڑیوں کا سیاہ پٹیاں باندھنے کا مقصد فواد احمد اور ان کے خاندان سے یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔
اس سے قبل کرکٹ آسٹریلیا نے اس حوالے سے ایک بیان میں فواد احمد، ان کے خاندان اور دوستوں سے تعزیت کا اظہار کیا تھا۔
The thoughts of the Australian Cricket community are with former Australian spinner Fawad Ahmed after the passing of his young son.
Our condolences are with Fawad, his family and friends in this terribly difficult time
— Cricket Australia (@CricketAus) October 24, 2023